سعودی عرب: فضائی یوگا، سلکی کپڑے پر جھولتی ہوئی انسٹرکٹر سارہ فرہود

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 02-09-2022
سعودی عرب: فضائی یوگا، سلکی کپڑے پر جھولتی ہوئی انسٹرکٹر سارہ فرہود
سعودی عرب: فضائی یوگا، سلکی کپڑے پر جھولتی ہوئی انسٹرکٹر سارہ فرہود

 

 

ریاض: سعودی عرب میں فضائی یوگا کی جانب خواتین کی رغبت دیکھی جا رہی ہے۔ اس میں زمین سے چند فٹ اوپر بے وزن جھولنا اور کشش ثقل کے قانون کے برعکس یوگا کی مشق کرنا شامل ہے۔ عرب نیوز کے مطابق فضائی یوگا کلاس میں زمین پر بچھی چٹائی پر کیے جانے والے یوگا سے ملتے جلتے عمل کو دہرایا جاتا ہے جس کا رجحان یہاں دن بدن بڑھتا جا رہا ہے

فضائی یوگا کے لیے اپنے وزن کو خود سہارا دینے کی بجائے چھت سے لٹکے ہوئے سلکی کپڑے کے جھولے کو استعمال کیا جاتا ہے۔ فضائی یوگا ٹیچر اور فٹنس فری لانس سارہ فرہود نے بتایا کہ جب وہ میڈیکل کی طالبہ تھیں تو انہوں نے یوگا کی تربیت شروع کی۔ بعد ازاں فضائی کلاس لینے کا فیصلہ کیا اور پھر کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

انہوں نے فضائی یوگا کے ساتھ اپنے آپ کو اس قدر منسلک کر لیا کہ 2016 میں فری لانس انسٹرکٹر بن گئیں اور اب وہ ریاض شہر میں کئی ایک مقامات پر فضائی فٹنس کی کلاسز میں تربیت دے رہی ہیں۔ سارہ فرہود نے بتایا کہ لڑکیاں اب ایسے کرتب کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں کیونکہ انہیں چیلنج پسند ہے۔ وہ اب سلکی جھولے پر اعتماد کرتی ہیں اور الٹا لٹکنے سے نہیں ڈرتیں جب کہ پہلے پہل ایسا نہیں تھا۔ ’نئی نسل زیادہ حوصلہ مند اور پرجوش ہےاور انہیں سخت پوز لینے کی ترغیب دی جاتی ہے جس پر وہ بھروسہ کرتی ہیں۔

سارہ نے بتایا کہ سلکی جھولا جسمانی لچک اور طاقت بڑھانے میں مدد کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جبکہ یہ مشقیں کندھوں، ریڑھ کی ہڈی یا سر پراضافی دباؤ ڈالے بغیر مزید مشکل پوز اور جسم کو لچکدار بناتی ہیں۔

اگر آپ کی زندگی تناؤ کا شکار ہے تو اپنے معمولات میں فضائی یوگا کی مشقوں کو شامل کریں اور سلکی کپڑے کو جھولے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے اپنی خوشیاں دریافت کریں۔ ان مشقوں کے دوران آپ گہری سانسیں لے کر ان لمحات سے لطف اندوز ہو سکتی ہیں، سارہ فرہود کے مطابق میں نے جتنی بھی کلاسز میں شرکت کی ہے وہاں ہر کوئی خوش نظر آتا ہے اور فضائی یوگا کرتے ہوئے اچھا وقت گزارتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں سمجھتی ہوں کہ وژن 2030 کے پیش نظر مزید پارکس اور کمیونٹی سینٹرز میں عام لوگوں تک رسائی کے ساتھ اس کھیل کو متعارف کرایا جا سکتا ہے روا الصحاف بھی فضائی یوگا کی انسٹرکٹر ہیں جنہوں نے پیرس میں تربیت حاصل کی اور مملکت میں اسے متعارف کرانے کا ارادہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب میں پیرس سے واپس آئی تو جدہ میں کہیں فضائی یوگا کی کلاس نہیں تھی جس کے بعد میں نے جدہ میں ایک سینٹر کھولنے کا فیصلہ کیا۔

ابتدا میں گھر پر ہی کلاسز کا اجرا کیا اور پھر دوسری جم میں جا کر کلاسز لینا شروع کی جس کے بعد 2018 سے ایریل آرٹس سٹوڈیو کے نام سے ایک سینٹر کا قیام عمل میں آیا۔ روا الصحاف کا کہنا تھا کہ فضائی یوگا میں خواتین کے شوق دیکھتے ہوئے یہاں ٹرینرز کی تعداد میں اضافہ ہوا اور 2017 میں خواتین کو اپنے تربیتی مراکز کھولنے کی اجازت دی گئی، اس وقت یہاں 508 انسٹرکٹرز موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فضائی یوگا عام یوگا سے زیادہ مقبول ہو رہا ہے اور دیکھا گیا ہے کہ لوگ زیادہ مشکل کام سے زیادہ لطف اندوز ہوتے ہیں۔ سعودی عرب میں فٹنس کے رجحان میں اضافے کے طور پر فضائی یوگا زیادہ مقبولیت حاصل کر رہا ہے اور وزارت تجارت نے نومبر 2017 سے مملکت میں یوگا کو بطور کھیل آگے بڑھانے اور مشق کرانے کے لائسنس جاری کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔