روس نے امریکا سے سفیر واپس بلا لیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-03-2021
غصہ میں پوتن
غصہ میں پوتن

 

 

پوتن کے خلاف بائیڈن کا بیان، روس نے امریکا سے اپنا سفیر بلا لیا روس نے امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے صدر ولادی میر پوتن کے خلاف بیان کے بعد مشاورت کےلئے امریکا میں تعینات اپنا سفیر واپس بلا لیا،

جبکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ روسکیوزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکا میں تعینات سفیر اینیٹولی انیٹونوف کو واپس ماسکو بلا لیا گیا ہے تاکہ روس کے امریکا کے ساتھ تعلقات کے مستقبل پر مشاورت کی جائے۔یہ اقدام باہمی تعلقات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا تاکہ ناقابل تلافی بگاڑ پیدا نہ ہو۔

وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخاروا کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے اہم چیز راستے وضع کرنے ہیں جن سے واشنگٹن کی جانب سے حالیہ برسوں میں خطرناک انتہا تک پہنچائے گئے روس ۔ امریکا کے مشکل تعلقات کو ٹھیک کیا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکی ان سے جڑے خطرات سے آگاہ ہیں تو ہم ان کی جانب سے کی جانے والی ناقابل تلافی تضحیک سے بچنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک انٹرویو میں روسی ہم منصب ولادی میر پوتن کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں امریکی صدارتی انتخاب میں مداخلت کی کوششوں کی قیمت چکانی پڑے گی۔ جو بائیڈن نے کہا تھا کہ روسی صدر پوتن کو امریکی صدارتی انتخاب 2020 ٹرمپ کے حق میں کرنے کی کوششوں کی ہدایات دینے پر نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا اور یہ وقت بہت جلد آئے گا۔ یاد رہے کہ ستمبر 2020 میں امریکی محکمہ خزانہ کے بیرونی اثاثہ جات کنٹرول (او ایف اے سی) دفتر نے امریکی انتخابات میں مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے روس سے تعلق رکھنے والے 4 افراد پر پابندی عائد کردی تھی۔