روس ہندوستانی سیاحوں کی نئی پسند

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-11-2025
روس ہندوستانی سیاحوں کی نئی پسند
روس ہندوستانی سیاحوں کی نئی پسند

 



ماسکو: روس کی دارالحکومت ماسکو ہندوستانی سیاحوں کے لیے تیزی سے یورپ کی نئی اور کم خرچ لگژری منزل بنتا جا رہا ہے۔ 2025 کے ابتدائی چھ ماہ میں یہاں آنے والے ہندوستانی سیاحوں کی تعداد میں 40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پہلے ہندوستانی سیاحوں کی پہلی ترجیح یورپ، ایشیا اور دیگر ملک ہوا کرتے تھے، لیکن اب ماسکو نے اپنی منفرد ثقافت، جدیدیت اور بہترین مہمان نوازی کی بدولت نئی شناخت بنا لی ہے۔

آئیے جانتے ہیں کہ ماسکو ہندوستانی سیاحوں کی نئی پسند کیوں بنتا جا رہا ہے۔ ماسکو کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی سب سے بڑی وجہ ای-ویزہ سسٹم ہے، جو اب ہندوستانی شہریوں کے لیے بہت آسان ہو چکا ہے۔ پہلے روس کا ویزہ لینا کافی مشکل سمجھا جاتا تھا، مگر اب ہر مسافر صرف چار دن میں آن لائن ویزہ حاصل کر سکتا ہے۔ نہ پہلے کی طرح ہوٹل بکنگ کی ضرورت ہے اور نہ ہی انویٹیشن لیٹر درکار ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ ہندوستان سے ماسکو کے لیے براہِ راست پروازیں اور کم قیمت ٹریول پیکیجز بھی ہندوستانی سیاحوں کو اپنی جانب کھینچ رہے ہیں۔ ماسکو میں ہندوستانیوں کے لیے خصوصی "انڈین وائبز ان ماسکو" گائیڈ بھی جاری کی گئی ہے، جس میں ہندوستانی ریستورانوں، مندروں اور اہم تفریحی مقامات کی معلومات شامل ہیں۔ ہندوستان اور روس کے دیرینہ دوستانہ تعلقات بھی سیاحت میں اضافے کا اہم سبب ہیں۔

ماسکو میں ہندوستانی موسیقی، یوگا اور بالی وڈ فلموں کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے۔ ہر سال ماسکو میں انڈیا فیسٹ اور یوگا ڈے جیسے تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں بڑی تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں۔ 2025 کے سمّر ان ماسکو فیسٹیول کے دوران بھی ہندوستانی ثقافت سے جڑے کئی پروگرام منعقد ہوئے، جنہوں نے ہندوستانی سیاحوں کو گھریلو ماحول اور اپنائیت کا احساس دیا۔ 2025 کے پہلے سات ماہ میں ماسکو کے ہوٹلوں میں غیر ملکی مہمانوں کی تعداد میں 14 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

خصوصی بات یہ ہے کہ پریمیئم ہوٹلز میں سب سے زیادہ بکنگ ہندوستانی سیاحوں کی رہی۔ رپورٹ کے مطابق گرمیوں میں 94 فیصد ہوٹل بکنگ غیر CIS ممالک کے مسافروں کی تھی، جو گزشتہ سال 85 فیصد تھی۔ اس کے علاوہ ماسکو حکومت ہندوستانی ٹورزم انڈسٹری سے تعلقات مضبوط کرنے کے لیے کئی اقدامات کر رہی ہے۔ ماسکو ٹورزم کمیٹی ہندوستان کے بڑے ٹریول ایونٹس میں شریک رہی ہے، جبکہ اس سال OTOAI کنونشن 2025 بھی ماسکو میں منعقد ہوا جس میں 250 سے زائد ہندوستانی ٹور آپریٹر اور ٹریول پروفیشنلز نے شرکت کی۔