روس نے کیا یوکرین میں عارضی جنگ بندی کا اعلان

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 05-03-2022
 روس نے کیا یوکرین میں عارضی جنگ بندی کا اعلان
روس نے کیا یوکرین میں عارضی جنگ بندی کا اعلان

 

 

 ماسکو : روسی وزارت دفاع نے محاصرے میں لیے گئے دو یوکرینی شہروں سے رہائشیوں کے انخلا کے لیے انسانی راہداری کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہفتے کو ان شہروں میں جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔

  روسی وزارت دفاع نے کہا: ’آج پانچ مارچ ماسکو وقت کے مطابق صبح 10 بجے سے، روس خاموشی کا اعلان کرتا ہے اور ماریوپول اور ولنوواخا سے شہریوں سے انخلا کے لیے انسانی راہدادری کھولتا ہے۔‘

 روسی نیوز ایجنسیوں کے مطابق وزارت کا کہنا تھا کہ انسانی راہداری کی جگہ اور باہر جانے کے راستوں کے تعین پر اتفاق یوکرینی حکام کے ساتھ ہو چکا ہے۔

جنوب مشرقی یوکرین میں واقع شہر ماریوپول ایک اہم بندرگاہ ہے۔

 انسانی راہداری کے لیے روس کا یک روزہ جنگ بندی کا اعلان اس سے قبل شہر کے میئر وادیم بوائیچینکو نے کہا تھا کہ کئی دنوں کے ’بے رحم حملوں‘ کے بعد روسی فوجیوں نے شہر کا محاصرہ کر رکھا ہے۔

ان کے مطابق روسی فوجیوں نے شدید سرد موسم میں شہر کی بجلی، پانی، ہیٹنگ، ٹرانسپورٹ اور کھانے پینے کی اشیا کی ترسیل کو روک رکھا ہے، جس کا موازنہ دوسری عالمی جنگ میں لیننگراڈ کے محاصرے سے کیا جا رہا ہے۔