غیرملکی سازش کیخلاف روز احتجاج کریں تاکہ پیغام امریکہ تک پہنچے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-04-2022
غیرملکی سازش کیخلاف روز احتجاج کریں تاکہ پیغام امریکہ تک پہنچے
غیرملکی سازش کیخلاف روز احتجاج کریں تاکہ پیغام امریکہ تک پہنچے

 

 

اسلام آباد : پاکستان  میں سیاسی خانہ جنگی جاری ہے،حالانکہ سب کی نظریں اب سپریم کورٹ پر ہیں لیکن  سیاسی بیان بازی کا دور عروج پر ہے۔ پاکستان کے  وزیراعظم عمران خان نے اپنے پارٹی ورکروں سے کہا ہے کہ غیرملکی سازش کے خلاف ہر روز احتجاج کریں تاکہ امریکہ اور غداروں کو قوم کا پیغام پہنچے۔

منگل کو گورنر ہاؤس لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اس وقت جو تماشا ہو رہا ہے، ضمیر فروشوں کو خریدا جا رہا ہے۔ اس سے ہماری جمہوریت، سالمیت اور بچوں کا مستقبل تباہ ہو رہا ہے۔‘ وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ’ضمیر بیچنے والے پی ٹی آئی کے ارکان کو عدالت میں لے کر جائیں گے۔‘

ان کے مطابق ’ایسے لوگوں کو صرف نااہل ہی نہ کیا جائے بلکہ جیلوں میں بھی ڈالنا چاہیے۔‘ عمران خان نے کہا کہ جب تک ان لوگوں کو عبرتناک سزائیں نہیں دی جائیں گی، ہماری جمہوریت کا سودا کرنے والے لوگ آتے رہیں گے۔

انہوں نے مبینہ بیرونی سازش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ کون سی جمہوریت ہے کہ کوئی باہر سے حکومت گرا دے۔‘ عمران خان نے مبینہ سازش کا حصہ بننے والوں کو غدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے پی ٹی آئی ورکرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر روز حکومت کے خلاف غیرملکی سازش کے خلاف احتجاج کریں۔

’زندہ قومیں سازشوں کے خلاف کھڑی ہوتی ہیں۔‘ عمران خان نے کہا کہ ’آج اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں ان ’غداروں‘ کے خلاف مظاہرے کے لیے نکلیں۔‘ ان کے مطابق اگر آج ہم نہیں نکلیں گے تو آنے والی نسلیں ہم کو معاف نہیں کریں گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کن وقت ہے، سازش کے خلاف پرامن احتجاج کرنا سب کا فرض ہے۔ انہوں نے لاہور میں بھی احتجاج کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر روز احتجاج ہونے چاہییں۔