حج کے بعد اب عمرے کی تیاریاں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-07-2021
 محتاط  رہیں اور محفوظ رہیں
محتاط رہیں اور محفوظ رہیں

 

 

 جدہ: کورونا کی وبا کے دوران لگاتار دوسرے سال بھی محتاط اور محدود حج کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا ہے۔ بلاشبہ افراد دوسرے سال بھی حج کی ادائیگی سے محروم رہے لیکن کچھ ایسے خوش قسمت تھے جو حج کے محدود ہونے کے باوجود حجاج کی فہرست میں شامل ہوئے۔ اب حج کی کامیابی کا ثبوت یہ ہے کہ اس دوران ایک بھی کورونا مثبت نہیں ہوا۔

 اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کس طرح کے انتظامات کئے گئے تھے۔ کس طرح حجاج نے ان ضابطوں پر سختی سے عمل کیا اور ہر کسی نے ایک دوسرے کو محفوظ رکھنے میں کامیابی حاصل کی۔

اب عمرہ لاکھوں سعودی عرب نے کرونا کی ویکسین لگوانے والے غیر ملکی زائرین کو نو اگست سے عمرے کی اجازت دے دی ہے۔

البتہ ہندوستان اور پاکستان سمیت نو ممالک سے آنے والے زائرین کو کسی تیسرے ملک میں 14 روزہ قرنطینہ کے بعد سعودی عرب میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

 سعودی اخبار ’سعودی گزٹ‘ کے مطابق سعودی عرب کی قومی کمیٹی برائے حج و عمرہ کے رکن ہانی علی الامیری کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر عمرے کے خواہش مند افراد 30 الیکٹرانک سائٹس اور منظور شدہ کمپنیوں کے ذریعے عمرہ پیکج حاصل کر سکتے ہیں۔

 حج و عمرہ کمیٹی کے رکن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمرے کے ویزے کے لیے صرف وہی افراد رجوع کرسکتے ہیں جو کرونا کی ویکسین مکمل طور پر لگوا چکے ہوں۔

 

 علاوہ ازیں عمرے کے خواہش مند افراد کی صحت بہترین حالت میں ہونے کی بھی شرط رکھی گئی ہے اور انہیں احتیاطی تدابیر کے لیے بنائے گئے پروٹوکول پر عمل درآمد بھی کرنا ہوگا۔

ہانی علی الامیری کے مطابق وزارتِ حج و عمرہ کے منظور شدہ مقامی اور عالمی بکنگ پلیٹ فورمز سے ’بزنس ٹو بزنس‘ گروپ سسٹم یا ’بزنس ٹو کنزیومر‘ انفرادی سسٹم کے تحت خدمات اور پیکجز دستیاب ہیں جب کہ سعودی کمپنیاں رہائش، ٹرانسپورٹیشن اور دیگر خدمات کے پیکج فراہم کر رہی ہیں۔

 انہوں نے بتایا کہ زائرین عمرے کے لیے الیکٹرانک پلیٹ فورمز سے سروس کمپنی کا انتخاب کرکے دستیاب پروازوں، ٹرانسپورٹیشن ، ہوٹلز اور کھانے پینے کے مکمل پروگرام بھی خرید سکتے ہیں۔

ہانی علی الامیری ںے بتایا کہ 500 عمرہ سروس کمپنیاں اور چھ ہزار عمرہ ایجنٹس نے نو اگست سے ویکسین لگوانے والے زائرین کو خدمات فراہم کرنے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ نو اگست (یکم محرم) سے غیر ملکی زائرین کو عمرے کی اجازت دے دی جائے گی۔

 واضح رہے حج کے بعد گزشتہ روز سے مقامی سطح پر عمرے کا آغاز ہو گیا ہے۔

  مقامی زائرین کو کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ مسجد حرام کے مخصوص دراوزوں سے داخلے کی اجازت دی گئی تھی اور اس کے علاوہ دیگر احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی گئی ہیں۔

 براہ راست پروازیں اور قرنطینہ کی شرائط حج وعمرہ اور مسجد حرام اور مسجد نبوی سے متعلق خبریں فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق نو ممالک کے سوا دیگر دنیا سے عمرے کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت ہو گی۔

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ہوٹل 

سعودی عرب میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ہوٹلوں نے یکم محرم سے بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے استقبال کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

حج و عمرہ و زیارت کی قومی کمیٹی کے رکن ھانی العمیری نے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں دو لاکھ 60 ہزار سے زیادہ ہوٹلوں کے کمرے عمرہ زائرین کے استقبال کے لیے تیار ہیں۔

ہوٹلوں کے کمرے بین الاقوامی معیار کے ہیں۔ ھانی العمیری نے کہا کہ مدینہ منورہ میں ہوٹلوں کے ستر ہزار سے زیادہ کمرے مسجد نبوی کے زائرین کی رہائش کے لیے مختص ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ہوٹل اور ٹاورز چوبیس گھنٹے سینیٹائزنگ اور صفائی ضوابط کی مکمل پابندی کریں گے۔ کورونا ایس او پیز کرائیں گے-

لعمیری نے کہا کہ عمرہ زائرین کی رہائش کے لیے جو ضوابط مقرر کیے گئے ہیں ان میں سے یہ بھی ہے کہ ہوٹلوں اور ٹاورز میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جائے۔ایک شرط یہ بھی ہے کہ ہوٹل میں عمرہ زائرین کے ہر گروپ کے استقبال کے لیے ایک ملازم تعینات ہو۔ ہوٹل کے دس فیصد کمرے مشکوک مسافروں کو الگ ٹھہرانے کے لیے خاص ہوں۔

 ہوٹلوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی کمرے میں دو سے زیادہ افراد کو نہ ٹھہرایا جائے۔ ایک بیڈ سے دوسرے کے درمیان کم از کم ڈیڑھ میٹر کا سماجی فاصلہ رکھا جائے۔

ہوٹلوں میں رہائش کے نئے ضوابط میں یہ بھی شامل ہے کہ عمرہ اور زیارت پر آنے والوں کو منظم کرنے کے لیے ہر ہوٹل میں سیکیورٹی گارڈز اور انچارج تعینات ہوں۔ سینیٹائزنگ کے تمام لوازمات مہیا ہوں۔

انتظامیہ ہوٹل سے زائرین یا عمرے پر آنے والوں کی آمدورفت کو منظم کرے۔ انہیں اعتمرنا ایپ کے اجازت ناموں کے تحت نماز یا عمرے کے لیے گروپوں کی شکل میں مسجد الحرام بھیجنے کا اہتمام کرے۔ یہ پابندی بھی ہے کہ ریستورانوں میں متعلقہ اداروں کے مقرر کردہ ایس او پیز نافذ کرائیں۔

ہندوستان، پاکستان، انڈونیشیا، مصر، ترکی، ارجنٹائن، برازیل، جنوبی افریقہ اور لبنان کے زائرین کو کسی تیسرے ملک میں 14 روز کا قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد عمرے کے لیے سعودی عرب میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ 

ویب سائٹ کے مطابق زائرین کے لیے فائز، موڈرنا، آسٹرازینیکا یا جانسن اینڈ جانسن کی تیار کردہ ویکسین کی مکمل خوراکیں لگوانا ضروری ہو گا۔

 جب کہ چینی ویکسین لگوانے والوں کے لیے فائزر، موڈرنا، آسٹرازینیکا یا جانسن اینڈ جانسن میں سے کسی ایک کا بوسٹر ڈوز لگوانا ضروری ہوگا۔

اس کے علاوہ عمرے کے لیے سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی منظور شدہ ایجنسی کے ذریعے رجوع کرنا ہو گا۔