مودی نے ٹوکیو میں کی امریکی صدر بائیڈن سےدو طرفہ بات چیت

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 24-05-2022
 مودی نے ٹوکیو میں کی امریکی صدر بائیڈن سےدو طرفہ بات چیت
مودی نے ٹوکیو میں کی امریکی صدر بائیڈن سےدو طرفہ بات چیت

 

 

ٹوکیو:وزیراعظم نریندرمودی اورامریکی صدر جوبائیڈن نے جاپان میں کواڈ سمٹ سربراہی اجلاس کے بعد دو طرفہ بات چیت کی۔ اس دوران بائیڈن نے کورونا کے دور میں ہندوستان کے کام کی تعریف کی۔

ہندوستان نے امریکہ کے ساتھ اپنی شراکت داری اور دوستی کو عالمی امن و استحکام اور انسانیت کی بہبود کے لیے "اچھائی کی طاقت" قرار دیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں امریکی صدر جوزف آر بائیڈن کے ساتھ دو طرفہ ملاقات میں اس خیال کا اظہار کیا۔ امریکہ، آسٹریلیا، ہندوستان اور جاپان کے چار فریقی اتحاد کواڈ کی چوتھی چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے یہاں آئے مودی نے کواڈ سمٹ کے بعد مسٹر بائیڈن سے الگ سے ملاقات کی۔

ہندوستانی وفد میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول، خارجہ سکریٹری ونے موہن کواترا اور دیگر حکام شامل تھے۔ جب کہ امریکی وفد میں سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی جے بلنکن، قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان شامل تھے۔

اس میٹنگ میں دونوں رہنماؤں نے ہندوستان-امریکہ دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کا جائزہ لیا اور اسے مزید جامع اور گہرا بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستانی بحرالکاہل کے علاقے اور عالمی سطح پر ہونے والی تازہ ترین پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ امریکہ نے روس یوکرین جنگ کے بارے میں ہندوستان کو اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔

میٹنگ میں اپنے ابتدائی کلمات میں مسٹر مودی نے مسٹر بائیڈن سے ملاقات پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آپ سے مل کر ہمیشہ بہت خوشی ہوتی ہے۔ آج ہم نے ایک اور مثبت اور نتیجہ خیز کواڈ سمٹ میں بھی ایک ساتھ شرکت کی۔ انہوں نے ہندوستان-امریکہ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو حقیقی معنوں میں اعتماد اور بھروسے کی شراکت قرار دیا اور کہا کہ ہماری مشترکہ اقدار اور سیکورٹی سمیت کئی شعبوں میں ہمارے مشترکہ مفادات نے اعتماد اور بھروسے کے اس بندھن کو مضبوط کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے عوام سے عوام کے رابطے اور قریبی اقتصادی تعلقات بھی ہماری شراکت کو منفرد بناتے ہیں۔ مسٹر بائیڈن نے کہا کہ کانفرنس میں شرکت کرنے والے رہنما دنیا کے اس تبدیلی کے وقت میں جمع ہو رہے ہیں - ہم ایک تبدیلی کے دور سے گزر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے یوکرین پر روس کے وحشیانہ اور غیر معقول حملے کے نتائج اور پورے عالمی نظام پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں بھی بات کی ہے۔ امریکہ اور ہندستان ان منفی اثرات کو کم کرنے کے اقدامات پر مل کر کام کرتے رہیں گے۔

اس موقع پر مودی نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کی شراکت داری حقیقی معنوں میں اعتماد کی شراکت ہے۔ ہمارے مشترکہ مفادات نے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کے اس بندھن کو مضبوط کیا ہے۔

اس سے پہلے چوٹی کانفرنس میں بائیڈن نے کورونا وبا سے نمٹنے میں مودی کے کام کی تعریف کی۔بائیڈن نے وبا سے نمٹنے میں چین اور ہندوستان کا موازنہ کرتے ہوئے چین کو ناکام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑی آبادی کے باوجود ہندوستان نےجمہوری طریقے سے کورونا پر قابو پالیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہمارے درمیان 'انڈیا-یو ایس اے انویسٹمنٹ انسینٹیو ایگریمنٹ' سے سرمایہ کاری کے شعبے میں اضافہ ہوگا۔

 

وہیں جو بائیڈن نے کہا کہ دونوں ملک مل کر بہت کچھ کر سکتے ہیں اور کریں گے۔ میں امریکہ ہندوستان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہوں۔