نیپال پرچنڈا کورونامتاثر،دیوا نے کیا خود کو آئسولیٹ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
نیپالی وزیراعظم شیر بہادر دیوا
نیپالی وزیراعظم شیر بہادر دیوا

 

 

کھٹمنڈو: کورونا کی تیسری لہر اور اومیکرون کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے درمیان نیپال کے سینیئر لیڈر بھی اس کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔

ماؤنواز پارٹی کے صدرپشپا کمل دہل عرف پرچنڈا  کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔ گزشتہ تین دنوں سے کورونا کی علامات میں مبتلا پرچنڈا کی کووڈ رپورٹ مثبت آئی ہے۔

ٹویٹ کر کے یہ جانکاری دیتے ہوئے پرچنڈا کی بیٹی گنگا دہل نے کہا کہ کورونا مثبت ہونے کے باوجود ان کی صحت کی حالت نارمل ہے وہ گھر میں رہ کر علاج کروا رہے ہیں۔ کورونا پازیٹو ہونے کی وجہ سے ان کی تمام میٹنگز اور پروگرامز مزید اطلاعات تک کے  لیے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

 ماؤنواز پارٹی میں پرچنڈ اکیلے کووڈ کا شکار نہیں ہوئے ہیں بلکہ پارٹی کے دوسرے لیڈر اور سابق نائب وزیر اعظم نارائن  شریستھا سمیت پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے 100 سے زیادہ ارکان کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا سابق طے شدہ اجلاس بھی ملتوی کرنا پڑا۔

پرچنڈا کی کووڈ رپورٹ مثبت آنے کی وجہ سے وزیر اعظم شیر بہادر دیوا نے گھر کے اندر خود آئسولیٹ کر لیا ہے۔ جمعہ کی صبح حکمراں اتحاد کی میٹنگ میں تین گھنٹے تک اکٹھے رہنے کی وجہ سے انہیں کنٹیکٹ ٹریسنگ کی وجہ سے تنہائی میں جانا پڑا۔

وزیر اعظم دیوا کے سیکرٹریٹ نے بتایا ہے کہ پرچنڈا کے رابطہ میں آنے کے بعد وزیر اعظم نے آج صبح تقریباً ایک گھنٹے تک اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیر اعظم کے پی شرما اولی سے ملاقات کی۔ اولی کو بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی وجہ سے خود کو الگ تھلگ کرنا پڑا ہے۔

خیال رہے کہ نیپال میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا متاثرین کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ نیپال کی وزارت صحت نے اپنی باقاعدہ بریفنگ میں بتایا ہے کہ گزشتہ ہفتے تک نیپال میں کووِڈ پازیٹیو کی تعداد 150 سے 200 کے درمیان تھی، جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں یہ تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ جس میں اومیکرون ویرینٹ میں مبتلا مریضوں کی تعداد 25 بتائی گئی ہے۔