اسرائیلی بمباری سے 52 ہزار فلسطینی بے گھر: اقوام متحدہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-05-2021
غزہ پر وحشیانہ بمباری
غزہ پر وحشیانہ بمباری

 

 

جنیوا

اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی وحشیانہ بمباری اور پرتشدد کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک صرف غزہ میں 52 ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں اور 450 عمارات یا تو مکمل طور پر تباہ ہو گئی ییں اور یا پھر انہی بہت بری طرح نقصان پہنچا ہے۔

یہ اعداد و شمارکوارڈینیشن آف ہیومینیٹیرین افیئرزنے جاری کیے ہیں جو اقوام متحدہ کا ایک ادارہ ہے۔

ایک عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے کوارڈینیشن آف ہیومینیٹیرین افیئرز کی ترجمان جینز لائرکے نے کہا ہے کہ بے گھر ہونے والے 47 ہزار افراد نے غزہ میں اقوام متحدہ کے 58 اسکولوں میں پناہ لے رکھی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ 132 عمارات مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہیں اور 316 بری طرح متاثر ہیں۔ ان میں سے 6 اسپتال، 9 پرائمری ہیلتھ کیئر سینٹرز اور واٹر پلانٹس بھی شامل ہیں جن کی وجہ سے دو لاکھ 50 ہزار افراد پانی تک سے محروم ہوگئے ہیں۔

جینز لائرکے نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور اس کے شراکت دار بے گھر ہونے والے افراد تک خوراک اور دیگر ضروری سامان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کی ترجمان مارگریٹ ہیرس نے اس حوالے سے کہا ہے کہ بے گھر ہونے والے افراد بڑی تعداد میں اسکولوں میں پناہ لے رہے ہیں جس کی وجہ سے کورونا وائرس پھیلنے اور پانی سے بیماریاں پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ میڈیکل سپلائی کی بھی شدید کمی ہے۔

(ایجنسی ان پٹ)