پاکستان کی سماجی کارکن نے مینارپاکستان واقعہ پر کیا اظہارافسوس

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
پاکستان کی سماجی کارکن نے مینارپاکستان واقعہ پر کیا اظہارافسوس
پاکستان کی سماجی کارکن نے مینارپاکستان واقعہ پر کیا اظہارافسوس

 

 

کراچی

سماجی کاموں میں ہمیشہ سب سے آگے رہنے والی اور معاشرتی مسائل پر اپنی آواز بُلند کرنے والی شنیرا اکرم نے مینارِ پاکستان واقعے پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس! پاکستان کے بیٹوں نے مایوس کیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ٹوئٹ میں شنیرا اکرم نے کہا کہ ’میرا دل پاکستان کے تمام نیک لوگوں کے لیے دھڑکتا ہے۔‘ شنیرا اکرم نے مینارِ پاکستان واقعہ کے حوالے سے کہا کہ ’مجھے افسوس ہے کہ آپ کے بہت سے بھائیوں نے آپ کو مایوس کیا۔‘

وسیم اکرم کی اہلیہ کے اس ٹوئٹ پر صارفین کی بڑی تعداد کی جانب سے دُکھ کا اظہار کیا جارہا ہے، اُن کا کہنا ہے کہ وہ مینارِ پاکستان واقعے پر بےحد شرمندہ ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل شنیرا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ ’آپ سب نے مینارِ پاکستان واقعے کی فوٹیج دیکھی ہے، کیا اب ہم سب بیدار ہیں؟ کیا ہر کوئی دیکھتا ہے کہ ہم سب کیا کر رہے ہیں؟ کیا ہم اب سُنے جا رہے ہیں؟‘

اُنہوں نے کہا تھا کہ ’یہ ٹھیک نہیں ہے، جو ہورہا ہے وہ بالکل بھی ٹھیک نہیں ہے، یہ عمل کرنے کا وقت ہے۔‘

لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں یومِ آزادی کے موقع پر خاتون ٹک ٹاکر سے دست درازی کا خوفناک واقعہ 3 روز بعد سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آیا۔ سیکڑوں نوجوانوں نے ٹک ٹاکر عائشہ اکرم اور اس کے ساتھیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور کپڑے پھاڑ دیے جبکہ پولیس واقعہ سے بے خبر رہی۔

فوٹیجز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر پولیس نے 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کیخلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔