پاکستانی عدلیہ دوراہے پر،ججوں میں اختلاف رائے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 14-11-2025
پاکستانی عدلیہ دوراہے پر،ججوں میں اختلاف رائے
پاکستانی عدلیہ دوراہے پر،ججوں میں اختلاف رائے

 



اسلام آباد [پاکستان]: پاکستان کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی جانب سے جمعہ کو بلائے گئے فل کورٹ اجلاس میں 27ویں آئینی ترمیم پر کوئی بحث نہیں ہوئی۔ یہ بات روزنامہ ڈان نے سپریم کورٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز کے حوالے سے بتائی۔ اس اجلاس کے انعقاد کی توقع اس لیے بھی کی جا رہی تھی کہ اس سے قبل متعدد خطوط میں 27ویں ترمیم پر فل کورٹ اجلاس بلانے کی درخواست کی گئی تھی، جو ایک روز قبل ہی نافذ کی گئی تھی۔

ڈان کے مطابق، پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اجلاس کے شرکا نے کمیٹی کی سفارش پر ’’سپریم کورٹ رولز 2025‘‘ میں متفقہ طور پر ترمیم کی منظوری دی۔ یہ کمیٹی جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت خان، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل تھی، جسے سپریم کورٹ رولز 2025 کے آرڈر اوّل، رول 1(4) کے تحت قواعد پر عمل درآمد سے متعلق مشکلات دور کرنے کیلئے تشکیل دیا گیا تھا۔

اجلاس میں کمیٹی کے ہر رکن کو 1980 کے عدالتی قواعد کا باریک بینی سے جائزہ لینے، 2025 کے نئے قواعد تیار کرنے اور ان پر موصول تجاویز کا بغور مطالعہ کرنے پر خصوصی طور پر سراہا گیا۔ پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ نئے قواعد کا مقصد ’’خدمات کی بہتر فراہمی اور سستا و فوری انصاف یقینی بنانا‘‘ ہے۔ فل کورٹ نے سپریم کورٹ رولز 2025 کے آرڈر چہارم کے رول 5 کے تحت سینئر ایڈووکیٹ کا درجہ محمد منیر پراچہ کو دینے کی بھی منظوری دی۔

اس سے ایک روز قبل ڈان نے رپورٹ کیا تھا کہ جسٹس صلاح الدین پانھور 27ویں آئینی ترمیم کے جائزے کے لیے فل کورٹ اجلاس بلانے کے حامی تیسرے جج بن گئے ہیں۔ اپنے دو صفحات پر مشتمل خط میں انہوں نے چیف جسٹس کو خبردار کیا کہ یہ ترمیم ’’آئین سازوں کے قائم کردہ نازک توازن کو بگاڑ سکتی ہے‘‘ اور یہ عدلیہ کے ججوں کی مدتِ ملازمت، بنچوں کی تشکیل، ججوں کی تقرری و برطرفی، یا عدالتوں کی مالی و انتظامی خود مختاری کو متاثر کر سکتی ہے۔ 27ویں آئینی ترمیم میں تحریری طور پر انتظامی اصلاحات کا وعدہ کیا گیا تھا، جن میں نئے آئینی عدالتوں کا قیام، ایگزیکٹو مجسٹریسی کی بحالی اور مسلح افواج کی کمانڈ کے طریقہ کار کا ازسر نو جائزہ شامل تھا۔

ترمیم کے منظوری سے قبل، جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ—جو اس کے نافذ ہونے پر مستعفی ہوگئے—نے بھی الگ الگ خطوط میں فل کورٹ اجلاس یا عدالتی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔ جسٹس شاہ نے لکھا کہ یہ ترمیم عدلیہ کو کمزور کرنے کی سیاسی کوشش ہے اور چیف جسٹس سے کہا کہ وہ ایسا اصول وضع کریں جو عدلیہ سے متعلق کسی بھی تبدیلی کو عدلیہ سے مشاورت کے بغیر روکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ “آپ (چیف جسٹس) عدلیہ کے محض منتظم نہیں بلکہ اس کے نگہبان ہیں‘‘ اور تمام آئینی عدالتوں کے ججوں کا مشترکہ اجلاس بلانے کی بھی درخواست کی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے سات صفحات پر مشتمل خط میں ’’عدلیہ کی آزادی کو درپیش خطرات‘‘ پر غور کے لیے عدالتی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے لکھا کہ عدلیہ ’’ایک خطرناک موڑ پر کھڑی ہے‘‘ اور ادارے کی حالت، اس کی آزادی کو لاحق چیلنجز اور عوام کا اعتماد بحال کرنے کے اقدامات پر ’’کھلے اور دوٹوک مکالمے‘‘ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کو چاہیے کہ آئین میں ترمیم کرنے سے پہلے عدلیہ کے ادارہ جاتی مؤقف پر غور کرے۔ سینئر وکیل فیصل صدیقی نے بھی، سابق ججوں کی تائید کے ساتھ، چیف جسٹس کو ایک خط لکھ کر اس معاملے پر موقف اختیار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔