پاکستان : پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ- دو سکھوں کا قتل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
پاکستان : پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ-  دو سکھوں کا قتل
پاکستان : پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ- دو سکھوں کا قتل

 

 

 پشاور: ایک بار پھر بے قصور اقلیتوں کا خون بہایا گیا پاکستان میں- خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں واقع سربند کی پولیس کے مطابق، اتوار کی صبح 10 بجے نامعلوم افراد نے سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے دو افراد پر کلاشنکوف سے فائرنگ کرکے ان کو قتل کردیا۔

مقتولین کے اہل خانہ کے مطابق ان کی کسی کے ساتھ دشمنی نہیں تھی۔ دوسری جانب پولیس یہ خیال ظاہر کررہی ہے کہ یہ واقعہ دہشت گردی کا ہوسکتا ہے۔

حکام نے بتایا کہ واقعے کی ایف آئی آر ابھی درج نہیں ہوئی تاہم مقتولین کے رشتہ دار تھانے پہنچ چکے ہیں، جبکہ مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔ تھانے میں ایف آئی آر درج کرنے والے پپندر سنگھ نے انڈپینڈنٹ اردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے فقط اتنا بتایا کہ مقتولین میں سے ایک ان کے بھائی اور ایک ان کے چچازاد تھے،

دونوں کی سربند کے علاقے بھٹہ تل میں دکانیں تھیں اور یہ کہ ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں تھی۔ تھانہ سربند کے ایس ایچ او مشتاق خان نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دونوں مقتولین کی عمریں 35 اور 45 کے درمیان تھیں اور دونوں آپس میں رشتہ دار تھے۔ ‘ایک کا نام گلجیت سنگھ اور دوسرے کا نام رنجیت سنگھ تھا۔ دونوں آپس میں چچازاد تھے۔

حملہ آور ایک موٹرسائیکل پر آئے تھے، جنہوں نے مقتولین پر کلاشنکوف سے فائرنگ کی ہے۔ پولیس نے جائے واردات سے کارتوس کے پانچ خالی شیل برآمد کرلیے ہیں۔’ ایس ایچ او نے خیال ظاہر کیا کہ ‘سکھ انتہائی پرامن لوگ ہیں۔

خاندان کے مطابق ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی بھی نہیں تھی، اور پچھلے کئی سالوں سے اس علاقوں میں اپنا کاروبار کررہے تھے۔ یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے لیکن بظاہر معلوم ہورہا ہے کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے۔’ ایس ایچ او تھانہ سربند کے مطابق، اسی علاقے میں پچھلے تین ماہ میں ہونے والا یہ تیسرا واقعہ ہے جس میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں پہلے پولیس سپاہی، ایک پولیو اہلکار اور اب دو سکھ نشانہ بنے ہیں۔

واقعے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کیا جائے گا: وزیراعلیٰ

پختونخوا وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ’یہ واقعہ انتہائی قابلوزیراعلیٰ افسوس ناک ہے۔ اس بہیمانہ قتل میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے کسی صورت بچ نہیں سکتے۔‘ ’واقعے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’یہ واقعہ شہر کے پر امن ماحول اور بین المذاہب ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔ حکومت ایسی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔‘ وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں اور سکھ برادری کے ساتھ تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس کی رپورٹ طلب کر لی ہے