پاکستان: ہفتے میں دو چھٹیاں ۔کاروبار 8 بجے تک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-08-2021
کورونا کا بڑھتا اثر
کورونا کا بڑھتا اثر

 

 

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر نے بھونچال پیدا کردیا ہے۔ حکومت نے اب روک تھام اور احتیاط کے لیے دوبارہ لاک ڈاون کا سہارا لینے کا اعلان کیا ہے ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح بڑھنے کے پیش نظر ملک کے اہم شہروں میں 31 اگست تک نئی پابندیوں کے نفاذ کا اعلان کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کی جانب سے پابندیوں کی منظوری کے بعد اہم شہروں میں نئی پابندیوں کے نفاذ کا اعلان کیا جا رہا ہے۔

 اپریل کے بعد پاکستان میں پہلی مرتبہ 5 ہزار کیسز رپورٹ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ان بندشوں کے ہمارے کمزور اور غریب طبقے پر بہت اثرات مرتب ہوتے ہیں، اسی لیے کئی لوگ ہم سے پوچھتے ہیں کہ آپ 3 مراحل میں لاک ڈاؤن کیوں کرتے ہیں اور پہلی دفعہ میں ہی مکمل لاک ڈاؤن کیوں نہیں کرتے، تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمیں اپنے ملک کے ایک بہت بڑے دیہاڑی دار طبقے کے روزگار کا تحفظ بھی کرنا ہے، اس لیے ہم بہت سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے ہیں۔

 مندرجہ ذیل نئی پابندیوں کو نافذ کیا جا رہا ہے۔

ہفتے میں دو دن چھٹی ہو گی۔ مارکیٹ 8 بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی۔

ان ڈور ڈائننگ پر پابندی اور آؤٹ دور ڈائننگ کی 10 بجے تک کی اجازت ہو گی

(ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری 24 گھنٹے جاری رہے گی) شادیوں میں 400 سے زائد افراد کو بلانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

دفاتر میں 50 فیصد افراد کو آنے کی اجازت ہو گی اور بقیہ عملہ گھر سے کام کرے گا۔

پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد گنجائش کے ساتھ چلانے کی اجازت دی جائے گی۔

نئی پابندیوں کا اطلاق 3 اگست سے ہو گا۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، پشاور، ایبٹ آباد، میرپور، گلگت اور اسکردو میں پابندیاں نافذ رہیں گی (کراچی اور حیدرآباد میں مشروط اطلاق ہو گا)۔

جن شہروں میں پابندیوں کا اطلاق ہو گا ان میں صوبہ پنجاب میں راولپنڈی، لاہور اور فیصل آباد شامل ہیں، خیبر پختونخوا میں پشاور اور ایبٹ آباد، صوبہ سندھ میں کراچی اور حیدرآباد میں 8 اگست تک پابندیوں کا اطلاق ہو گا۔  ان کا کہنا تھا کہ اگر مثبت کیسز کی شرح برقرار رہتی ہے تو کراچی اور حیدرآباد میں 8 اگست کے بعد بھی یہ پابندیاں لاگو رہیں گی۔

 ان پابندیوں کا آغاز 3 اگست سے ہو گا اور یہ 31 اگست تک نافذ رہیں گی جبکہ ہفتے میں ایک دن کے بجائے اب دو دن چھٹی ہو گی، جنہیں 'سیف ڈیز' کا نام دیا گیا ہے البتہ اس بات کا اختیار صوبے کو ہو گا کہ وہ کن دو دنوں میں چھٹی کریں گے۔