پاکستان : کوئٹہ میں دو دھماکہ۔ دو افراد ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-08-2021
دو دھماکوں کی انکوائری جاری
دو دھماکوں کی انکوائری جاری

 

 

کوئٹہ : پاکستان میں اب افغانستان کی خانہ جنگی کی شدت کا اثر نظر آرہا ہے۔ کل رات کو کوئٹہ میں دو دھماکے ہوئے ہیں۔صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں زرغون روڈ پر واقع کوئٹہ سرینا ہوٹل کے قریب موٹر سائیکل میں نصب بم دھماکہ ہوا ہے جس میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور 12 پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس واقعے کے دو گھنٹے کے اندر کوئٹہ کی سریاب روڈ پر دوسرا دھماکہ ہوا ہے جس کا نشانہ پاکستان کے پرچم بیچنے والا ریڑھی بان تھا۔ دوسرے دھماکے میں دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

 اُدھر صوبے میں انسداد دہشتگردی کے ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکہ امپرووائزڈ ایکسپلوزو ڈیوائس (آئی ای ڈی) کے ذریعے رات آٹھ بجے کیا گیا جس کا نشانہ ایک پولیس وین تھی جس میں 15 پولیس اہلکار سوار تھے۔

 ترجمان کا کہنا ہے کہ 12 پولیس اہلکار اور چھ شہری زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

 حکومت بلوچستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ دھماکے میں پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ سول ہسپتال کوٸٹہ کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر جاوید اختر کے مطابق سیرینا چوک دھماکے کے 11 زخمی سول ہسپتال کوٸٹہ کے شعبہ حادثات میں لائے گٸے ہیں۔ زخمیوں میں 5 پولیس اہلکار اور 6 راہگیر شامل ہیں۔ زخمیوں کو طبی امدداد دی جارہی ہے۔ ان کے مطابق ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے تاکہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد دی جا سکے۔ ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت علی اکبر بگٹی اور نیاز احمد سولنگی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے شدت سے آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں اور آواز دور دور تک سنی گئی ہے۔