پاکستان : تحریک لبیک کا مارچ جاری۔ کوریج پر پابندی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-10-2021
پاکستان : تحریک لبیک کا مارچ جاری۔ کوریج پر پابندی
پاکستان : تحریک لبیک کا مارچ جاری۔ کوریج پر پابندی

 

 

اسلام آباد: پاکستان میں لاہور سے اسلام آباد تک ہائی ویز پر کہرام جاری ہے ۔تحریک لبیک پاکستان کا مارچ حکومت کے لیے ایک ناسور بنا ہوا ہے۔ جس کو حکومت نہ روک پائی ہے اور نہ کوئی حل نکال پائی ہے ۔

اب یہ مارچ مال کے ساتھ جان کے لحیے بھی نقصان دہ ثابت ہورہا ہے۔ اب پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے واضح کیا ہے کہ ’جب تک کالعدم جماعت کے لوگ سڑکیں خالی نہیں کرتے اور پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والوں کو اداروں کے حوالے نہیں کیا جاتا تب تک کوئی مذاکرات نہیں ہو سکتے۔‘

جمعرات کو ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے اپیل بھی کی کہ ’محب وطن لوگ اس احتجاج سے خود کو لاتعلق کریں، اپنے گھروں کو لوٹ جائیں اور ریاست کے خلاف دہشت گردی کا حصہ نہ بنیں۔‘

کوریج پر لگی پابندی۔

دوسری جانب پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے کالعدم تحریک لبیک کی میڈیا کوریج پر پابندی لگا دی۔ جمعرات کو پیمرا کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزارت داخلہ نے تحریک لبیک کو کالعدم تنظیم قرار دیا ہے جو ایسے کاموں میں ملوث ہے جو دہشت گردی کے زمرے میں آتے ہیں۔

پیمرا کے مطابق یہ اس تنظیم کی کارروائیاں ملک کے امن اور سکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں اور قانون کے مطابق میڈیا ان کی کوریج نہیں کر سکتا۔

پیمرا کا کہنا ہے کہ تمام سٹیلائٹ چینلز، ایف ایم ریڈیوز اور کیبل نیٹ ورکس کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس تنظیم کی کوریج نہ کریں۔

تحریک کا دعوی

دوسری جانب کالعدم تحریک لبیک کے مرکزی ترجمان صدام بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی تنظیم کے سربراہ سعد رضوی کو مذاکرات کے لیے اسلام آباد لے جایا گیا ہے جبکہ دوسری جانب حکومتی ذرائع نے بھی سعد رضوی کی اسلام آباد میں موجودگی اور مذاکرات کی تصدیق کی ہے۔

حکومتی ذرائع نے بتایا کہ سرکاری سطح پر مذاکرات نہ کرنے کے اعلان کے بعد خون خرابے سے بچنے کے لیے نجی سطح پر بات چیت کی جا رہی ہے۔

مارچ جاری ہے

ادھر کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے کارکنان کا اسلام آباد کی طرف مارچ جاری ہے اور قافلہ گوجرانوالہ پہنچا ہے جبکہ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت ہے۔

بدھ کے روز کالعدم تنظیم تحریک لبیک کے لانگ مارچ کو پولیس نے گوجرانوالہ کے قریب جی ٹی روڈ پر سادھوکی کے مقام پر پیش قدمی سے روکے رکھا ۔ پولیس کی جانب سے وقفے وقفے سے شیلنگ جاری رہی جبکہ مارچ کے شرکا بھی پولیس پر جوابی پتھراؤ کرتے رہے۔ مارچ کو روکنے کے لیے پولیس نے سادھوکی کے قریب سڑک کو کاٹ کر خندق کھود دی جبکہ اس کے اطراف میں مٹی کے کنٹینرز رکھ کر سڑک کو ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ ریلی کے اوپر فضا میں دو ہیلی کاپٹرز بھی نمودار ہوئے جو دن بھر ریلی کی نگرانی کرتے رہے۔ پولیس نے شرکا کو اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے سے روکنے کے لیے پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا۔