پاکستان: وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
پاکستان: وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش
پاکستان: وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش

 

 

اسلام آباد: پاکستان کے نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف کو وزیراعظم ہاؤس آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ منگل 12 اپریل کی صبح 7 بج کر 40 منٹ نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف وزیراعظم ہاؤس پہنچے۔

جہاں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے انہیں سلامی دی۔بعد ازاں شہباز شریف نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ واضح رہے کہ نو منتخب وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز 11 اپریل بروز پیر عہدے کا حلف اٹھایا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سےان سے وزارت عظمی کا حلف لیا۔ تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ حلف برداری کی تقریب میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت اتحادیوں جماعتوں کے اراکین اور نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز بھی شریک تھیں۔

 پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے پرامن انتقال اقتدار پر پاکستانی عوام کو مبارک باد دی۔ شہباز شریف نے ٹوئٹر پر لکھا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ آج تمام ادارے آئین پاکستان کی تکریم ایک رہنما اصول کے طور پر کرتے ہیں۔ اگر سٹاک مارکیٹ اور مستحکم ہوتی کرنسی انڈیکیٹرز ہیں تو ہمارا اہداف کی جانب سفر شروع ہو چکا۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہم تمام ممالک کے ساتھ باہمی احترام، برابری اور امن کی بنیاد پر تعلقات کے خواہاں ہیں۔