پاکستان کو کرکٹ پر' مار'میں بھی ہندوستانی ہاتھ نظرآیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
اب ہندوستان بنا نشانہ
اب ہندوستان بنا نشانہ

 

 

اسلام آباد: پاکستان اب دور کی کوڑی لایا ہے۔ افغا نستان کی آگ میں ہاتھ جلے تو ہندوستان یاد آگیا۔ کرکٹ کے درد نے پاکستان کو ایک بار پھر الزام تراشی کے موڑ پر لاکھڑا کیا ہے۔ پہلے نیوزی لینڈ اور پھر انگلینڈ کے دورہ پاکستان کو ملتوی کرنے کے بعد سیاسی قیادت بوکھلا گئی ہے۔

جس کا ایک ثبوت آج ملا جب پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیر داخلہ شیخ رشید کے ہمراہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخ کرنے کے حوالے سے اسلام آباد میں پریس بریفنگ میں کہا کہ فیک نیوز کے پیچھے ریاستوں اور ایجنسیوں کا ہاتھ ہے، پاکستان میں ہائبرڈ وارکاسامناہے۔

احسان اللہ احسان کےنام سے ایک فیس بک اکاؤنٹ بنایاگیا، 19 اگست کو پوسٹ احسان اللہ احسان کی طرف سے بنتی ہے جس میں نیوزی لینڈ ٹیم کو پاکستان کے دورہ سے روکتے ہوئے کہا گیا کہ داعش کیوی ٹیم پر حملہ کرسکتی ہے۔

پاکستان یہ بھول گیا کہ کس طرح افغانستان میں ملوث ہوا ہے اور طالبان  کے ساتھ مل کر جو کھیل کیا ہے اس کے لیے مہذب دنیاکبھی معاف نہیں کرے گی ۔اب پاکستان کی طالبان نوازی اور پشت پناہی نے دنیا کی نظروں میں پاکستانی سرزمین کو ہی غیر محفوظ بنا دیا ہے۔ 

پاکستانی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 21 اگست کو ہندوستانی اخبار سنڈے گارڈن کے بیوروچیف ابھی نندن مشرا نے احسان اللہ احسان کی اس جعلی فیس بک پوسٹ کی بنیاد پر آرٹیکل لکھا، جس میں نیوزی لینڈ ٹیم پر پاکستان میں ممکنہ حملے کا انکشاف کیا گیا، ابھی نندن مشرا اور پاکستان مخالف سابق افغان نائب صدر امر اللہ صالح کے آپس میں گہرے تعلقات بھی ہیں، 24 اگست کو مارٹن گپٹل کی بیوی کو تحریک لبیک کے نام سے بنے ای میل ایڈریس سے ایک ای میل ملتی ہے، جس میں لکھا تھا مارٹن گپٹل کو پاکستان میں قتل کردیاجائےگا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پہلی پریکٹس 13ستمبر کو کی گئی جس میں کوئی تھریٹ رپورٹ نہیں ہوا، 17 ستمبر کو نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بتایا کہ انہیں اپنی حکومت کی طرف سے تھریٹ سے آگاہ کیا گیا ہے، اس لیے اپنی حکومت کی ہدایت پر یہ ٹور منسوخ کرنا چاہتے ہیں، جس پر سیکیورٹی فورسز اور پی سی بی کے افسران کیوی ٹیم کے پاس گئے اور ان سے تھریٹ کے بارے میں پوچھا تو ٹیم کو بھی کچھ نہیں پتہ تھا، وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی ہم منصب کو فون کرکے دورہ منسوخ نہ کرنے کی درخواست کی جس پر جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ ان کے پاس تھریٹ کی ٹھوس معلومات ہیں، پھر وہ ٹور منسوخ کردیا گیا۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ 18 ستمبر کو انٹرپول نے پاکستان کو بتایا کہ جی میل پر حمزہ آفریدی 7899 کے نام سے بنی ایک ای میل ملی ہے، جس میں نیوزی لینڈ ٹیم کو ای میل کے ذریعے دھمکی دی گئی تھی، یہ ای میں ہندوستان میں بنا اور جس وقت یہ بنایا گیا اس کے 13 منٹ بعد اس سے پاکستان میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دھمکی آمیز ای میل کی گئی، وی پی این کے ذریعے یہ ای میں ہندوستان سے بھیجی گئی تھی، تاکہ اس کی لوکیشن سنگاپور ظاہر ہو۔

حد تو یہ ہوگئی ہے کہ اب پاکستانی میڈیا نے یہ خبر پھیلانی شروع کردی ہے کہ آئی پی ایل کے سبب اب دبئی میں کورونا پھیل رہا ہے۔