سخت شرائط پر آئی ایم ایف کے ساتھ ہوا پاکستان کا معاہدہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 23-11-2021
سخت شرائط پر آئی ایم ایف کے ساتھ ہوا پاکستان کا معاہدہ
سخت شرائط پر آئی ایم ایف کے ساتھ ہوا پاکستان کا معاہدہ

 

 

اسلام آباد: لیجئے پاکستان کو مالی امداد مل گئی مگر یہ امداد پاکستانی عوام پر کس طرح کا بوجھ بن کر نازل ہوگی ،مگر ماہرین مان رہے ہیں کہ پاکستانی حکومت کا اپنا بحران تو وقتی طور پر ٹل ہوگیا ہے، لیکن اس کی قیمت آنے والے دنوں میں پاکستانی عوام چکائیں گے۔

دراصل سخت شرائط پرآئی ایم ایف(ٰIMF) کے ساتھ پاکستان کا معاہدہ ہوگیا ہے۔ اب 1.06ارب ڈالر ز پاکستان کو ملیں گے، حتمی منظوری ایگزیکٹو بورڈ 12جنوری کو دی جائے گی۔

بجلی کی قیمت اور پیٹرول کی لیوی بڑھے گی، پٹرولیم لیوی 30روپے، ماہانہ 4 روپے اضافہ ہوگا ہدف 610کے بجائے 356 ارب، بجلی کی قیمتیں بتدریج بڑھائی جائیں گی، 350 ارب کا ٹیکس استثنیٰ ختم،وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات شوکت ترین نے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق کے ہمراہ کہاکہ ترقیاتی پروگرام میں 200 ارب کمی، گرانٹ بھی کم ہونگی، احتساب سے اسٹیٹ بینک کا استثنیٰ ختم، کورونا فنڈز کا آڈٹ ہوگا۔

انکم ٹیکس، پرسنل انکم ٹیکس، پراویڈنٹ فنڈ، زراعت، خوراک، کھاد، کیڑے مار ادویات، ٹریکٹر پر ٹیکس استثنیٰ ختم نہیں ہوگا، جی ڈی پی گروتھ پہلے 5پھر 6فیصد تک لے جائیں گے۔

پیر کو یہاں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ چھٹے جائزہ کے تحت معاملات طے پاگئے ہیں اورایک ارب 5کروڑ 90لاکھ ڈالر کی قسط کا معاہد ہ طے پا گیا ۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے 12جنوری کو ہونیوالے اجلاس میں منظوری سے قبل پاکستان کو آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ پانچ اقدامات پر عمل کرنا ہوگا۔

ان اقدامات میں جنرل سیلز ٹیکس میں اصلاحات کے ذریعے 350ارب روپے کا ٹیکس استثنیٰ ختم کیا جائے گا اس کےلیے پارلیمنٹ سے بل کی منظوری لی جائے گی ،پیٹرولیم لیوی کی مد میں ماہانہ 4روپے اضافہ کیا جائے گا اور اس کو 30روپے تک لے جایا جائےگااور پیٹرولیم لیوی کو 610ارب روپے سے کم کر کے 356ارب روپے کیا گیا ہے۔