پاکستان: کرپشن میں اضافہ،حکومت پر اپوزیشن حملہ آور

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 25-01-2022
پاکستان: کرپشن میں اضافہ،حکومت پر اپوزیشن حملہ آور
پاکستان: کرپشن میں اضافہ،حکومت پر اپوزیشن حملہ آور

 

 

اسلام آباد: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے 180 ممالک کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس جاری کر دی جس کے مطابق پاکستان میں کرپشن مزید بڑھ گئی۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس کے مطابق پاکستان کرپشن رینکنگ میں 16 درجے اوپر چلا گیا ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق کرپشن میں اس اضافے کے بعد پاکستان دنیا میں 140 ویں نمبر پر آ گیا، 2020ء میں اس کا نمبر 124 واں تھا۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے بتایا ہے کہ کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان کے اسکور میں 3 پوائنٹس کی کمی ہوئی ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ 2020ء میں کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان کا اسکور 31 تھا، جو اب 28 ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ کرپشن پرسیپشن انڈیکس کا اسکور کم ہونا کرپشن میں اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے ‎ صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ‎ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دوسری بار گواہی دی کہ عمران نیازی کی حکومت کرپٹ اور چور ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے ‎ صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ ‎عالمی ادارے کی رپورٹ فردِ جرم ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرپٹ حکمران استعفیٰ دیں، ملک ان کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہو سکتا، ‎عمران نیازی کی وزارتِ عظمیٰ میں پاکستان کرپشن میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دنیا کہہ رہی ہے کہ وزیرِ اعظم چور ہے، ‎ کرپشن کے عالمی انڈیکس میں پاکستان کا 16 درجے مزید نیچے جانا افسوس ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ دکھ ہے کہ عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی، ‎نواز شریف کی ایمان دار اور اہل قیادت میں پاکستان میں کرپشن میں کمی آئی تھی۔ (ایجنسی)