پاکستان :بلوچستان میں مشہور قوالوں کا قتل

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2025
پاکستان :بلوچستان میں مشہور قوالوں کا قتل
پاکستان :بلوچستان میں مشہور قوالوں کا قتل

 



 کراچی: بلوچستان کے ضلع قلات میں فائرنگ کا نشانہ بننے والی بس میں کراچی سے تعلق رکھنے والے قوال اور فنکار سوار تھے جو کوئٹہ میں ایک شادی کی تقریب میں قوالی پیش کرنے جا رہے تھے۔ اس اندوہناک واقعے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں باپ بیٹا قوال اور ایک گٹار آپریٹر شامل ہیں۔

معروف قوال ماجد علی صابری نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی قوالی ٹیم شادی کی ایک تقریب کے لیے کوئٹہ روانہ ہوئی تھی۔ جاں بحق افراد میں ان کے بھائی 45 سالہ احمد حسین صابری، نوجوان بھتیجا رضا احمد صابری اور گٹار آپریٹر محمد آصف شامل ہیں۔ماجد صابری کے مطابق حملے میں ان کے کئی رشتہ دار اور ٹیم کے دیگر ارکان زخمی بھی ہوئے ہیں، جو سب قوالی کی ٹیم کا حصہ تھے۔

قلات پولیس کے سربراہ ایس پی شہزاد اکبر نے اردو نیوز کو بتایا کہ نجی کمپنی کی کراچی سے کوئٹہ جانے والی بس کو قلات کے علاقے نیمرغ میں کوئٹہ-کراچی شاہراہ پر جمعرات کی شام نشانہ بنایا گیا۔ ان کے مطابق ’نامعلوم مسلح افراد نے بس پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں بس بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گری۔‘

لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قلات منتقل کیا گیا، جہاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نصراللہ کے مطابق تین لاشیں اور 14 زخمی لائے گئے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تین زخمیوں کی حالت نازک ہے اور تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں بس ڈرائیور کے علاوہ تمام افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔

ماجد علی صابری کے ساتھی اور قوالی ٹیم کے رکن مجتبیٰ علوی نے بتایا کہ بس میں ماجد علی صابری کے نو سالہ بیٹے بھی سوار تھے جو خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ ان کے بقول بس میں تمام افراد قوال اور فنکار تھے اور ماجد علی کا خاندان کئی دہائیوں سے قوالی سے وابستہ ہے، جو کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پرفارم کر چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’جاں بحق ہونے والے تینوں افراد شادی شدہ اور بچوں کے والد تھے۔ وہ خوشیاں بانٹنے نکلے تھے لیکن درندوں نے ان کے اپنے گھروں کو سوگوار بنا دیا۔‘

ماجد علی صابری کی ایونٹ مینجمنٹ ٹیم کی ایک خاتون رکن نے بتایا کہ زخمیوں میں ماجد صابری کے دو بھائی عمران صابری اور فیصل صابری، بھانجا وارث مبارک صابری، ڈھولک و طبلہ بجانے والے اور ساؤنڈ آپریٹرز شامل ہیں۔