پاکستان : مسلم لیگ ن کا مارچ دو دن کے لیے موخر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-03-2022
پاکستان : مسلم لیگ ن کا مارچ دو دن کے لیے موخر
پاکستان : مسلم لیگ ن کا مارچ دو دن کے لیے موخر

 

 

اسلام آباد: پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان نے کچھ سکون کا سانس لیا ہے  کیونکہ مسلم لیگ ن کے بعد جمیعت علماء اسلام نے بھی مہنگائی مارچ کا شیڈول تبدیل کردیا ہے۔

 جے یو آئی کے ملک بھرسے روانہ ہونے والے قافلے 25کی بجائے اب 26 مارچ کواسلام آباد میں داخل ہوں گے۔ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں ڈی آئی خان سے قافلہ 26 مارچ کو روانہ ہوگا جو شام پانچ بجے ہکلہ انٹرچینج پہنچے گا۔

پارٹی ترجمان کےمطابق صوبہ سندھ ، بلوچستان، پنجاب اور کے پی کے قافلے قیادت کی ہدایت کے مطابق روانہ ہوں گے۔ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے مطابق لانگ مارچ کے شیڈول میں معمولی ردوبدل کے بعد انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کا لانگ مارچ 24 کی بجائے 26 مارچ کو لاہور سے روانہ ہوگا۔

مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیرصدارت لانگ مارچ مینیجمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس آج لاہور میں منعقد ہوا، جس میں لانگ مارچ کی تیاریوں پر غور کیا۔ مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ 26 مارچ کو لانگ مارچ کے آغاز کا فیصلہ 25 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے پر کیا گیا ہے۔

مریم نواز اور حمزہ شہباز شریف لانگ مارچ کی قیادت کریں گے اور لانگ مارچ 27 مارچ کی بجائے 28 مارچ کو راولپنڈی پہنچے گا۔ ترجمان مسلم لیگ ن کے مطابق شہبازشریف کی زیرصدارت لانگ مارچ مینجمنٹ کمیٹی کو عہدیداروں کی تیاریوں اور انتظامات سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ شہبازشریف نےتمام تنظیموں کو بہترین اشتراک عمل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی مکاؤ مارچ عوام کی خواہشات کی تکمیل کا باعث بنے گا، معاشی تباہی، بدترین مہنگائی، بے روزگاری عوام کے گھر اور کاروبار اجاڑ چکے ہیں، لانگ مارچ مہنگائی، نالائقی اور کرپشن کے ستائے عوام کے حکومت پر عدم اعتماد کا فیصلہ کن اقدام ہے۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سیکرٹری جنرل احسن اقبال، پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم میں شامل دیگر اپوزیشن جماعتوں نے لاہور سے اسلام آباد تک مارچ کی تاریخ 24 مارچ رکھی تھی اس سلسلہ میں تیاری بھی بھر پور کی جارہی تھی لیکن بدلتی ملکی سیاسی صورت حال کے پیش نظر لانگ مارچ کی تاریخوں میں بھی ردوبدل کردیا گیا ہے۔