سمرقند: شہباز شریف کی صدر پوتن سے ملاقات

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 15-09-2022
 سمرقند: شہباز شریف کی صدر پوتن سے ملاقات
سمرقند: شہباز شریف کی صدر پوتن سے ملاقات

 

 

سمرقند: پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے سائیڈ لائن پر ملاقات ہوئی ہے۔

پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی نے وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے سالانہ اجلاس کے موقع پر سمرقند میں ہوئی جو جمعرات اور جمعہ کو ہورہا ہے۔

اس سے قبل شہبازشریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس کے موقع پر تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان قابل اعتماد اور تعمیری اعلیٰ سطحی رابطوں، بین الپارلیمانی روابط، دفاعی اور سکیورٹی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال اور خطے بالخصوص افغانستان میں امن، استحکام اور سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل سمیت باہمی طور پر فائدہ مند دو طرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہوئے تفصیلی بات چیت کی۔

تاجک صدر امام علی رحمان نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے انسانی جانوں کے ضیاع اور تباہی پر گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کی کوششوں میں تاجکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین کرائی۔اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ قبل ازیں وزیرِاعظم شہباز شریف اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ ایس سی او کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے سمرقند پہنچ گئے ہیں۔

وزیرِ اعظم ازبکستان عبداللہ آریپوف، وزیر برائے پبلک ایجوکیشن ازبکستان بختیار سائیدوف اور پاکستان میں ازبک سفیر ایبک عارف عثمانوف اور اعلی حکام نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔