پاکستان : تحریک عدم اعتماد مسترد، صدر نے کردیا قومی اسمبلی کو تحلیل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-04-2022
پاکستان : تحریک عدم اعتماد مسترد، صدر نے کردیا اسمبلی کو تحلیل ،عمران نے  پلٹ دی اپوزیشن کی بساط، 90 دنوں میں انتخابات ،اب عوام کی عدالت میں ہوگا فیصلہ
پاکستان : تحریک عدم اعتماد مسترد، صدر نے کردیا اسمبلی کو تحلیل ،عمران نے پلٹ دی اپوزیشن کی بساط، 90 دنوں میں انتخابات ،اب عوام کی عدالت میں ہوگا فیصلہ

 


اسلام آباد : پاکستان میں زبردست ڈرامہ بازی ہوئی۔قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان  دنگل میں ایک عجیب وغریب واقعہ ہوا ۔ قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو آئین کے منافی قرار دے کر مسترد کردیا۔اس کے فورا بعد عمران خان نے قوم سے خطاب کیا اور عوام کو بتایا کہ حکومت گرانے کی غیر ملکی سازش کو ناکام بنانا ضروری تھا۔ اس دوران قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے ممبران ہنگامہ کرتے رہے لیکن وزیر اغطم عمران خان کا داو کام کرچکا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان کی سفارش پر پاکستان کے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے  اسمبلیاں تحلیل کر دیں۔

پاکستانی صدر مملکت نے وزیراعظم عمران خان کی تجویز کو منظور کرتے ہوئے قومی اسمبلی تحلیل کر دی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سوشل میڈیا پر ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ اسمبلیاں تحلیل کر دی گئی ہیں۔

 بریکنگ : نئے انتخابات 90 روز میں کروائے جائیں گے

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کیے جانے کے اعلان کے بعد وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’نئے انتخابات 90 روز میں کروائے جائیں گے۔‘

وزیر مملکت فرخ حبیب وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کیے جانے کے اعلان کے بعد وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’نئے انتخابات 90 روز میں کروائے جائیں گے۔‘

ایک بات واضح ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے اس قدم نے انہیں اب اپوزیشن کے رحم و کرم پر رہنے کے بجائے عوام کی عدالت  میں پہنچا دیا ہے۔ اس کو پاکستان کی سیاست میں ماسٹر اسٹروک کہا جارہا ہے ۔اپوزیشن جن منحرف ممبران کے ساتھ آج قومی اسمبلی میں حکومت کو گرانے کے عزم سے آئی تھی اس کو احساس ہی نہیں ہوا کہ چند پل میں حکومت سازی ’’ہندسوں‘‘ کے کھیل سے نکل کر عوام کی عدالت میں پہنچ گئی۔

عمران خان نے پچھلے چند دنوں کے دوران جو کارڈ کھیلے تھے ان سے  کسی کو اس کا اندازہ نہیں تھا کہ ’’ترپ کا پتا‘‘ کیا ہوسکتا ہے۔ 

پاکستان کےوزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن دونوں کو ہی ووٹنگ کا پانسہ اپنے حق میں پلٹنے کے لیے 172 اراکین کی حمایت درکار تھی۔

کیا ہوا آج قومی اسمبلی میں 

بظاہر نظر آ رہا تھا کہ عمران خان سادہ اکثریت کھوچکے تھے کیونکہ ان کے بہت سے اتحادی اپوزیشن کی صفوں میں موجود تھے اور اپوزیشن بھی کچھ ایسے ہی دعوے کر رہی تھی۔

تاہم عدم اعتماد کی یہ بازی اس وقت پلٹ گئی جب ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے آرٹیکل 5 اے کے تحت وزیراعظم کے خلاف اپوزیشن کی قرارداد کو غیر آئینی قرار دے کر مسترد کردیا۔

اس کے فوری بعد وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے خطاب میں بتایا کہ انہوں نے صدر مملکت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

عمران خان کا قوم کے نام خطاب

قوم سے خطاب میں پاکستان کے  وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر قوم کو مبارکباد دی۔پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس طرح کی سازش قوم کامیاب نہیں ہونے دے گی، اسپیکر نے اپنی اتھارٹی اور آئینی طاقت سے جو فیصلہ کیا اس کے بعد میں نے ابھی سے صدر کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز بھیج دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری معاشرے میں عوام کے پاس جائیں، الیکشن ہوں، عوام فیصلہ کرے وہ کسے چاہتے ہیں، کوئی باہر سے سازش، کرپٹ لوگ، پیسہ دے کر قوم کا فیصلہ نہ کریں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنہوں نے اچکنیں سلوائیں اور لوگوں کو کروڑوں روپے دیے تو وہ پیسہ ضائع ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی باہر سے یا کرپشن کا پیسہ اس ملک کا فیصلہ نہیں کرےگا،

جیسے ہی صدر اسمبلیاں تحلیل کریں گے تو نگراں حکومت کا عمل شروع ہوگا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں ملک سے بہت بڑی سازش کی جارہی تھی، 22 کروڑ قوم کی حکومت کو گرانے کی کوشش کی گئی وہ سازش فیل ہوگئی، اس پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

کیا ہوا اور کیسے ؟

آج جب قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے وقفہ سوالات کا سلسلہ دوبارہ شروع کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری کو بات کرنے کا موقع دیا۔

فواد چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے اس خط کا حوالہ دیا جس کے بارے میں وزیر اعظم عمران خان دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کی حکومت کو ختم کرنے کی باقاعدہ سازش کی جا رہی فواد چوہدری نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ فیصلہ عدم اعتماد کا نہیں آرٹیکل 5 کا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 5 اے کے تحت ہر شہری کو ملک کا وفادار ہونا چاہیے۔

فواد چوہدری نے مزید سوال کیاکہ ’بتایا جائے کیا بیرون ملک کی مدد سے پاکستان میں حکومت تبدیل کی جا سکتی ہے؟

ساتھ ہی انہوں نے خط کے حوالے سے ڈپٹی سپیکر سے رولنگ مانگی جس کے فوراً بعد قاسم سوری نے قرار داد مسترد کرنے کا اعلان کر دیا۔ ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے بعد اپوزیشن بینچز نے شدید احتجاج شروع کر دیا اور اسپیکر کے روسٹرم کا گھیراؤ کرلیا اور نعرے لگائے۔ اس اثنا میں اپوزیشن اراکین آپس میں مشاورت کرتے رہے۔

اپوزیشن نے دھرنا دے دیا

دوسری جانب تحریکِ عدم اعتماد مسترد کیے جانے پر اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں دھرنا دے دیا۔ اپوزیشن اراکین نے اس موقع پر خوب شور شرابا کیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ حکومتی ارکان نے بھی اپوزیشن بینچوں پر جا کر نعرے لگائے۔ اسپیکر اور عمران خان پر آرٹیکل 6 لگے گا: شہباز شریف قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف، صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے میڈیا سے کہا کہ اسپیکر اور عمران خان پر آرٹیکل 6 لگے گا۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کے حوالے سے قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج صبح ساڑھے 11 بجے ہو گا۔اس ہنگامہ آرائی سے قبل تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں تلاوت قرآن سے قبل حکومتی بینچوں سے نعرہ گونجا: ’کون بچائے گا پاکستان۔ عمران خان عمران خان۔‘ تاہم ڈپٹی سپیکر کے اشارے پر نعرہ بازی فوراً بند ہوگئی اور تلاوت شروع ہوگئی۔ تلاوت کے بعد نعت پڑھی گئی اور پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا۔