پاکستان: ایک ہی دن میں کورونا کے 700 سے زیادہ کیسز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-01-2022
پاکستان: ایک ہی دن میں کورونا کے 700 سے زیادہ کیسز
پاکستان: ایک ہی دن میں کورونا کے 700 سے زیادہ کیسز

 

 

اسلام آباد:پاکستان میں پیر کو ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے 700 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے جو دو ماہ میں کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

حکام نے انفیکشن کی پانچویں لہر کے بارے میں خبردار کر رکھا ہے اور تیزی سے پھیلنے والی وائرس کی اومیکرون قسم پر قابو پانے کی کوششیں شروع کی تھیں۔ نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کم از کم 708 کیسز نے مثبت تناسب کو 1.55 فیصد تک پہنچا دیا جو 24 اکتوبر کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کورونا کی پانچویں لہر کا آغاز کراچی سے ہو چکا ہے۔ وفاقی حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں کورونا کا اومی کرون ویرئینٹ جنگل کی آگ کی طرح پھیل رہا ہے۔ حکام کے مطابق کراچی میں اومی کرون ویرینٹ سےکورونا مثبت کیسز کی شرح 7 فیصد ہو چکی ہے جبکہ کراچی میں ویکسی نیشن کی شرح محض 40 فیصد ہے جس سے کیسز بڑھ رہے ہیں۔

ماہرین صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی کے بعد اگلا نمبر لاہور کا ہے جہاں اومی کرون کی وجہ سےکیسزبڑھیں گے جبکہ اسلام آباد میں بھی اومی کرون کی کمیونٹی ٹرانسمیشن شروع ہو چکی ہے۔ ڈاکٹر فیصل محمود کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کراچی میں کیسز روکنے کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے، کورونا کیسز بڑھنے سے اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بھی بڑھے گی۔ ان کا کہنا ہے یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ اومی کرون ویرینٹ کم خطرناک ہے۔

انسداد کرونا آپریشنز کی نگرانی کے انچارج وزیر اسد عمر نے ٹوئٹر پر کہاکہ’ایک اور کوویڈ لہر کے آغاز کے واضح ثبوت موجود ہیں جس کی توقع پچھلے کچھ ہفتوں سے کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جینوم کی ترتیب نے اومیکرون قسم کے کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کا پتہ لگایا ہے، خاص طور پر کراچی کے سب سے بڑے شہر میں۔ پاکستان میں تقریباً سات کروڑ افراد یا آبادی کا 32 فیصد ویکسین کی دو خوراکیں لے چکا ہے۔

حکومت نے پیر سے 30 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کے لیے بوسٹر ڈوز کی اجازت دے دی ہے جبکہ 12 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کو ان کے اسکولوں میں حفاظتی ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے مطابق اومیکرون ویرینٹ کا پہلا کیس 13 دسمبر کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا اور 27 دسمبر تک کل 75 کیسز کی تصدیق ہوئی تھی۔ اس میں سے 12 کیس بین الاقوامی سفر سے منسلک تھے۔