برطانیہ کے ناپسندیدہ ملکوں میں پاکستان بھی شامل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-04-2021
تمثیلی تصویر
تمثیلی تصویر

 

 

لندن: برطانیہ نے پاکستان کو 21 ہائی رسک ممالک کی فہرست میں شامل کیاہے۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت نے پاکستان کو ناپسندیدہ 21 ہائی رسک ممالک کی فہرست میں غیر اطمینان بخش منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی اعانت کے کنٹرول کے ساتھ شامل کرلیا ہے۔

اس فہرست میں پاکستان 15 ویں نمبر پر ہے۔ فہرست میں ان ممالک کو شامل کیا گیا ہے جنہیں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) نے بطور ہائی رسک یا اضافی نگرانی کے تحت فہرست میں رکھا ہے۔

شیڈول 3 زیڈ اے کے تحت ہائی رسک والے تیسرے ممالک کی مکمل فہرست میں ترتیب سے شامل ممالک میں البانیا، بار باڈوس، بوتسوانا، برکینا فاسو، کمبوڈیا، کیمن آئی لینڈ، ڈیموکریٹک پیپلز ریپبلک آف کوریا، گھانا، ایران، جمائیکا، ماریشس، مراکش، میانمار، نکارا گووا، پاکستان، پاناما، سینیگال، شام، یوگنڈا، یمن اور زمبابوے شامل ہیں۔

برطانوی حکومت کے مطابق کمزور ٹیکس کنٹرولز اور دہشت گردی کی مالی اعانت اور منی لانڈرنگ پر چیک اینڈ بیلنس کی کمی کے باعث اس زمرے میں شامل ممالک خطرہ ہیں۔ نئے شیڈول 3 زیڈ اے میں شناخت شدہ ہائی رسک والے تیسرے ملک کی تعریف کے بعد برطانوی حکومت کا "منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی اعانت (ترمیم) (ہائی رسک والے ممالک) ضابطے 2021" 26 مارچ 2021 سے نافذ ہوچکے ہیں۔

برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ ہائی رسک والے تیسرے ممالک کی برطانیہ کی نئی فہرست بہتر کسٹمر کی مناسب احتیاط کی ضروریات کے لئے جاری کی گئی ہے۔ دسمبر 2020 میں برطانوی حکومت کی رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ناجائز رقوم کا تبادلہ جاری ہے۔ (ایجنسی ان پٹ)