پاکستان:عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ، سیاسی تناو میں اضافہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
پاکستان:عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ، سیاسی  تناو میں اضافہ
پاکستان:عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ، سیاسی تناو میں اضافہ

 

 

اسلام آباد: عمران خان کے حامی ان کی گرفتاری کی ممکنہ حکومتی کوشش ناکام بنانے کے لیے بنی گالہ میں حفاظتی حصار بنائے ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی اور حکومت ایک دوسرے پر اشتعال انگیزی کے الزامات لگا رہی ہیں۔ پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو خدشہ ہے کہ حکومت ان کے رہنما کو گرفتار کر سکتی ہے۔ اسی صورتحال کے پیش نظر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر پڑاؤ ڈال رکھا ہے۔

ناقدین کے خیال میں پی ٹی آئی اور حکومت دونوں اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں، جس سے سیاسی درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے اور عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں اس درجہ حرارت میں شدت آ سکتی ہے۔

حکومت خان کو گرفتار کر سکتی ہے؟

پی ٹی آئی کےحامیوں کا کہنا ہےکہ انہیں بدعنوان حکومت پر بھروسا نہیں، جو سیاسی انتقام میں اندھی ہو چکی ہے اور کسی وقت بھی عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کرسکتی ہے۔ پارٹی کے ایک رہنما اور رکن قومی اسمبلی محمد اقبال خان آفریدی کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو حکومت کو سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، '' اس وقت بنی گالہ میں ایسے کارکن بیٹھے ہوئے ہیں، جن کو نہ اپنی جان کی پرواہ ہے نہ کسی اور بات کی پرواہ ہے۔ وہ عمران خان کی خاطر لڑنے مرنے کے لئے تیار ہیں اور ہر حالت میں عمران خان کی حفاظت کریں گے کیونکہ عمران خان 22 کروڑ عوام کا نجات دہندہ ہے جو کرپٹ مافیا کے خلاف اکیلا لڑ رہا ہے۔ کسی بھی صورت میں عمران خان کو کوئی نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘‘