پاکستان: عمران خان عوام کا نہیں سلیکٹرز کا انتخاب ہیں، مریم نواز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
عمران خان سب سے بزدل وزیر اعظم ۔مریم
عمران خان سب سے بزدل وزیر اعظم ۔مریم

 

 

مظفر آباد:پاکستان میں حکومت اور اپوزیشن کا تناو اور ٹکراو انتہا پر ہے۔ عمران خان حکومت پر اپوزیشن کے زبانی حملے تیز ہوتے جارہے ہیں۔اب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان آپ عوام کا نہیں سلیکٹرز کا انتخاب ہیں، اور سلیکٹرز کے ایک اشارے پر لٹو کی طرح گھومتے ہیں۔ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا میر ے علاوہ کوئی چوائس نہیں، عمران خان آپ عوام کا نہیں سلیکٹرز کا انتخاب ہیں، اور سلیکٹرز کے ایک اشارے پر لٹو کی طرح گھومتے ہیں، آپ چوائس اس لیے ہیں کہ آپ ہر بات پرجھک جاتے ہیں، عمران خان نے لوگوں کو بتا دیا کہ ان میں اور نوازشریف میں کیا فرق ہے۔

 مریم نواز نے خوب بھڑاس نکالی،انہوں نے کہا کہ عمران خان آپ کچھ بھی کریں کشمیر اپنا فیصلہ سناچکا ہے، آپ کشمیر آنے کی زحمت نہ کریں۔ عمران خان اپنا نمائندہ یہاں اس لیے لانا چاہتے ہیں کہ کشمیر کو صوبہ بنائیں، یہ سازش تیار کر چکے ہیں صرف عملدرآمد کرنا ہے، لیکن بچہ بچہ کٹ مرے گا کشمیر صوبہ نہیں بنے گا، یہ الیکشن کشمیر کی ترقی اور پہچان کا الیکشن ہے، عمران خان کشمیریوں سے کشمیر کاحق چھیننا چاہتے ہیں، ان کے وزرا کہتے ہیں کشمیری لوگ پیسے پر بکنے والے لوگ ہیں، کیا ایسے وزیراعظم کو کشمیری اپنی وادی میں داخل ہونے دیں گے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے اتنے سال جدوجہد کے بعد گھاٹے کا سودا کیا، وہ 22 سالہ جدوجہد کے بعد سر اٹھا کر چلنے کے قابل نہیں رہے، تو ایسی کرسی سے موت ہی اچھی ہے، اب تو وہ یہ کہنے کے قابل بھی نہیں کہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، کیوں کہ آپ کے راز ان کے پاس اور ان کے راز آپ کے پاس ہیں۔ عمران خان کو کٹھ پتلی وزیراعظم کے طور پر یاد رکھا جائے گا، انہوں نے اپنے ماتھے پر اسٹیبلشمنٹ کا ٹھپہ لگوا لیا ہے۔

 مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کے سب سے کمزوراور بزدل وزیراعظم ہیں، نا اہل سلیکٹڈ وزیراعظم نےعوام کو ایک کلو چینی بھکاریوں کی طرح دی، مہنگائی، تباہی اور لاقانونیت کے عفریت نے 22 کروڑعوام کی زندگی تباہ کردی، ان کا صحت کا وزیر دوائیاں چوری کرتے پکڑا گیا، ان کے اے ٹی ایم آٹا اور چینی چوری میں ملوث ہیں، عوام کو 120 روپے کلو کی بھی چینی نہیں ملتی، آٹا کی چوری کی وجہ سے قیمت کہاں پہنچ گئی ہے، پاکستان میں بجلی نہیں آتی مگر لمبے لمبے بل آتے ہیں۔

 لیگی رہنما نے کہا کہ ایل این جی پر عمران خان اور ان کی اے ٹی ایم نے 122 ارب روپے کا ڈاکا مارا، ان کا وزیر پٹرول اور ایل این جی کی چوری کرتا پکڑا گیا، عمران خان نے جس کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہا آج اسی کے بیٹے کو وفاقی وزیر بنادیا، ان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس ان کی اپنی جماعت کے لوگوں نے دائر کیا، اور یہ کیس 7 سال سے زیرالتوا ہے، لیکن آج تک عمران خان 16 بینک اکاونٹس کا حساب نہیں دے سکے، پاکستان کا سب سے بڑا منی لانڈر ملک پر قابض ہے اسی لیے ملک فیٹف سے نہیں نکلتا، ایف آئی اے اور نیب کو کہتی ہوں پاکستان کےسب بڑے منی لانڈر کو بنی گالا سے پکڑ کرلاؤ، نوازشریف پر لگائے جانے والے تمام الزام عمران خان پر ثابت ہوئے، مجھے اب ان کی بے بسی اور لاچارگی پر ترس آتا ہے