پاکستان:ہنگلاج مندرپرانتہا پسندوں کا حملہ،ہندووں کا احتجاج

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
پاکستان:ہنگلاج مندرپرانتہا پسندوں کا حملہ،ہندووں کا احتجاج
پاکستان:ہنگلاج مندرپرانتہا پسندوں کا حملہ،ہندووں کا احتجاج

 

 

تھرپارکر(پاکستان): عمران خان کے تمام دعوؤں کے برعکس پاکستان میں مسلم بنیاد پرستوں نے ایک بار پھر ملک میں ایک ہندو مندر کو نشانہ بنایا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اتوار کو مسلم بنیاد پرستوں نے پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع تھر پارکر کے کھتری محلہ میں ہنگلاج ماتا کے مندر کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔

گزشتہ 22 ماہ میں پاکستان میں ہندو مندروں پر یہ 11واں حملہ ہے۔

اس حملے کے بعد پاکستان ہندو ٹیمپل مینجمنٹ کے صدر کرشن شرما موقع پر پہنچے اور میڈیا کو بتایا کہ مسلم بنیاد پرست، سپریم کورٹ آف پاکستان اور حکومت پاکستان سے بھی خوفزدہ نہیں ہیں۔

دریں اثناء ہندوؤں نے مندر پر حملے کے خلاف احتجاجی مارچ نکالا۔ پاکستان میں اقلیتوں کے مذہبی مقامات کو اکثر مسلم بنیاد پرستوں کی جانب سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔ یہ اس وقت کی بات ہے جب عمران حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ اقلیتوں کو تحفظ دیا جائے گا۔

بنیاد پرست، ہندوؤں کی عبادت گاہوں پر مسلسل حملے کر رہے ہیں۔ اس سے قبل دسمبر میں کراچی میں ، جسے پاکستان کا مالیاتی دارالحکومت کہا جاتا ہے، ایک مندرپر بنیاد پرستوں کے ایک ہجوم نے حملہ کر کے دیوی درگا کی مورتی کا دھڑ توڑ دیا تھا۔

انتہا پسندوں نے مندر میں بھی کافی توڑ پھوڑ کی ہے۔ کراچی میں ہندوؤں کی ایک بڑی تعداد آباد ہے۔ کراچی میں ناریاں پورہ ہندو مندر پر شدت پسندوں نے حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں جہاں ایک مورتی کا دھڑ کٹ گیا ہے وہیں دوسری ماں درگا کی مورتی کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے پورے مندر کو تباہ کر دیا۔

پاکستان میں یہ حملے ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب سپریم کورٹ مسلسل نوٹس جاری کر رہا ہے اور عمران خان کی حکومت یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ وہ مندروں کی حفاظت کر رہی ہے۔ تاہم عمران خان کا یہ دعویٰ کھوکھلا ثابت ہو رہا ہے اور بنیاد پرست، پاکستان میں ہندوؤں کی عبادت گاہوں پر مسلسل حملے کر رہے ہیں۔

ابھی چند ماہ قبل پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ایک گنیش مندر پر انتہا پسندوں نے حملہ کر کے مندر کو تباہ کر دیا تھا۔ اس حملے کے بعد پوری دنیا میں شدید تنقید کی گئی، پھر وزیراعظم عمران خان نے 24 گھنٹے بعد خاموشی توڑ دی۔ عمران خان نے یہ بھی وعدہ کیا ہے کہ ان کی حکومت اس مندر کی تزئین و آرائش کرائے گی۔

اس سے قبل بھی عمران خان نے اسلام آباد میں مندر بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن بنیاد پرستوں کی مخالفت کے باعث انہوں نے اپنا وعدہ توڑ دیا۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ پاکستان اقلیتی لوگوں کے لیے جہنم بن چکا ہے اور اس کی شروعات آزادی کے بعد ہی ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ 1947 میں آزادی کے وقت پاکستان کی کل آبادی کا 23 فیصد ہندو، عیسائی، سکھ جیسی اقلیتوں پر مشتمل تھا۔ 2017 کی مردم شماری کے مطابق پاکستان میں اب 96.28 فیصد مسلمان ہیں اور صرف 3.72 فیصد اقلیتیں یا غیر مسلم ہیں۔

پاکستان میں اقلیتوں کے خلاف مظالم اور مذہب تبدیل کرنے کی کوششوں کے نتیجے میں جہاں مسلمانوں کی آبادی بڑھتی رہی، وہیں ہندوؤں سمیت غیر مسلم کم ہوتے رہے۔ 1951 کی مردم شماری کے مطابق پاکستان میں 12.9 فیصد ہندو تھے لیکن اب پاکستان میں صرف 1.6 فیصد ہندو ہیں۔ اقلیتوں کی مسلسل کم ہوتی آبادی پاکستان میں ان کی صورتحال کی خوفناک تصویر پیش کرتی ہے۔