پاکستان کے امریکہ سے بہترین تعلقات کی طویل تاریخ ہے: آرمی چیف

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
پاکستان کے امریکہ سے بہترین تعلقات کی طویل تاریخ ہے: آرمی چیف
پاکستان کے امریکہ سے بہترین تعلقات کی طویل تاریخ ہے: آرمی چیف

 

 

اسلام آباد:پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے۔ ’ہمارے اس کے ساتھ بہترین تعلقات کی لمبی تاریخ ہے۔ ہم چین اور امریکہ دونوں سے اچھے تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں۔‘

سنیچر کو ’اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اہم اقتصادی خطے میں واقع ہے، شہریوں کی خوشحالی اور سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔ مقاصد کے حصول کے لیے ملک کے اندر اور خطے میں امن کی ضرورت ہوتی ہے۔‘

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان ہندوستان کے ساتھ کشمیر اور دیگر تنازعات کا ڈائیلاگ اور سفارتکاری کے ذریعے حل چاہتا ہے۔ ’وقت آگیا ہے کہ خطے کی سیاسی قیادت اپنے جذباتی اور تصوراتی تعصبات سے بالاتر ہو کر تاریخ کی زنجیریں توڑتے ہوئے خطے میں امن اور ترقی کے لیے کوشش کرے۔‘

جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردی کے خلاف بڑی اور اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کوششیں جاری رکھیں گے۔‘ پاکستان کی فوج کے سربراہ نے افغانستان کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا یوکرین کے بحران پر توجہ دیتے وقت لاکھوں افغانوں کو نظرانداز نہ کرے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’افغانستان میں حکومت کے حالات تسلی بخش نہیں مگر دنیا کو تحمل دکھانے کی ضرورت ہے اور یوکرین کے بحران کی وجہ سے معاشی مشکلات کے شکارلاکھوں افغانوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔‘انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رجسٹر اور غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تعداد 40 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔