پاکستان:گل فوج میں بغاوت کی کوشش کرنےپر گرفتار : وزیرِ داخلہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 10-08-2022
شہبازگل کو فوج میں بغاوت کی کوشش کرنےپر گرفتار کیا گیا: وزیرِ داخلہ
شہبازگل کو فوج میں بغاوت کی کوشش کرنےپر گرفتار کیا گیا: وزیرِ داخلہ

 

 

اسلام آباد: پاکستان کے وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ شہبازگل کے خلاف مقدمہ ریاست کی جانب سے درج کیا گیا ہے اور مدعی ایک مجسٹریٹ ہیں۔ یہ مقدمہ نمبر 622 ہے جو تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’اسلام آباد پولیس نے قانون کے مطابق شہباز گل کو گرفتار کیا ہے۔ ایف آئی آر میں ان کی ویڈیو کا ٹرانسکرپٹ شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ’شہباز گل کے خلاف درج مقدمے میں دفعات 505، 120، 120 ڈی ، 153، 153 اے ، 124 اے اور 121 لگائی گئی ہیں۔‘ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں عمران خان اور فواد چوہدری کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ان کے ساتھ بھی بالکل قانون کے مطابق سلوک ہو گا۔‘ ’

سانحہ لسبیلہ کے بعد ان کی گمراہی سامنے آئی اور پہلی دفعہ یہ محسوس کیا کہ اس فساد اور فتنے کے بارے میں قوم کو علم ہونے جا رہا ہے۔ اس کے خلاف ایک سازش بنائی گئی۔‘ وزیر داخلہ نے الزام عائد کیا کہ ’اس سازش کا سکرپٹ عمران خان کی سربراہی میں ایک میٹنگ میں تیار ہوا۔

اس سازش میں ایک نجی ٹی وی چینل کو بھی ساتھ ملایا گیا۔اس کے بعد دو افراد فواد چوہدری اور شہباز گل کے ذریعے یہ بیانیہ پھیلایا گیا۔‘ ’انہوں نے ایک مثالی مںظم ادارے کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی۔ یہ مہم کے دوران خاص رینکس کو پکار کر کہا گیا کہ وہ پی ٹی آئی کو محبت کرتے ہیں۔‘ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ’یہ ادارے کے رینکس کے اندر بغاوت کروانے کی کوشش کی گئی۔ جو جملے الفاظ استعمال کیے گئے میں انہیں دہرانا بھی مناسب نہیں سمجھتا۔یہ چیزیں افواج پاکستان کے اندر بغاوت پیدا کرنے کی کوشش تھی۔‘