پاکستان: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی سزائیں بحال

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-06-2021
میاں نواز شریف
میاں نواز شریف

 

 

اسلام آباد :پاکستان میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ، العزیزیہ ریفرنس میں اپیلیں خارج کرتے ہوئے ملک کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی سزائیں بحال کردیں جبکہ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں کی سماعت 6 جولائی کو ہو گی ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ وہ گرفتاری دیں یا پکڑے جائیں تو دوبارہ درخواست دائر کرسکتے ہیں، فیئر ٹرائل کے بعد سزا ملی، ضمانت پر لندن جاکر مفرور ہوگئے، حق سماعت کھوچکے، کسی ریلیف کے مستحق نہیں ہیں۔

نواز شریف بغیر کسی جواز کے غیرحاضر رہے اپیلیں خارج کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، نواز شریف قانون کی نظر میں مفرور ہیں اس لئے وہ اپنا حق سماعت کھو چکے ، عدالت نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کو ٹرائل کورٹ میں فیئر ٹرائل کا بھرپور موقع دیا گیا۔ جس کے بعد سزا کا فیصلہ ہوا۔نواز شریف ضمانت پر ہونے کے باوجود بیرونِ ملک چلے گئے اور اس عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدم حاضری پر سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی العزیزیہ اسٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں اپیلیں خارج کرتے ہوئے احتساب عدالت کی جانب سے دی گئی سزائیں بحال کر دی ہیں۔ احتساب عدالت نے نواز شریف کو ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں 10 سال اور 7 سال قید کی سزائیں سنائی تھیں۔ عدالت عالیہ نے فیصلے میں کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف قانون کی نظر میں مفرور ہیں اس لئے وہ اپنا حق سماعت کھو چکے ، نواز شریف سرنڈر کریں یا حکام انہیں تحویل میں لیں تو وہ میرٹ پر اپیلوں کے فیصلے کی درخواست دے سکتے ہیں جس پر قانون کے مطابق فیصلہ ہو گا۔

سیاسی حلقوں کا ماننا ہے کہ عمران خان حکومت انتقامی جذبہ کے تحت نواز شریف کو پریشان کررہی ہے۔یہی وجہ ہے کہ ان کو ملک سے باہر جانا پڑا اور اب ان کی واپسی بھی مشکل ہوتی جارہی ہے۔