پاکستان :بلوچستان کے جنگلات میں آگ، ، ایرانی جہاز مدد کو آیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 22-05-2022
پاکستان :بلوچستان کے جنگلات میں آگ، ، ایرانی جہاز مدد کو آیا
پاکستان :بلوچستان کے جنگلات میں آگ، ، ایرانی جہاز مدد کو آیا

 

 

اسلام آباد: پاکستان میں پراسرار آگ نے زبردست تباہی مچا دی ہے بلکہ بلوچستان کی سب سے بڑی دولت کو جلا کر خاک کردیا ہے-صوبائی حکومت بلوچستان کے ضلع شیرانی کے جنگلات میں 12 روز سے لگی آگ بجھانے میں ناکام رہی ہے جس کے بعد وفاقی حکومت کی کوششوں سے ایران نے آگ بجھانے کے لیے جہاز فراہم کردیا ہے۔

ژوب میں وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ مولانا عبدلواسع نے ہفتے کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ضلع شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے وفاقی حکومت کی کوششوں سے ایران نے خصوصی جہاز فراہم کردیا ہے، جو اتوار سے کام شروع کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ جہاز جلد شیرانی میں آپریشن کا آغاز کردے گا۔ جبکہ پرونشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے گذشتہ روز کوہ سلیمان رینج میں لگی آگ بجھانے کے دوران ہلاک ہونے والے تین افراد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ جبکہ زخمیوں کے لیے پانچ لاکھ روپے امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔ وفاقی حکومت بھی امداد کا اعلان کرے گی۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ضلع شیرانی موسیٰ خیل کے جنگلا ت میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات سے متعلق ویڈیو لنک کے ذریعے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان، وفاقی وزیر مولانا واسع، کور کمانڈر بلوچستان، چیف سیکریٹری بلوچستان سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ پاکستانی فوج، رینجرز، ایف سی اور لیویز کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ تاہم دشوارگزار پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آگ کو بجھانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔