پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے براہ بانڈئی میں امن کمیٹی کے ممبر سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ڈی پی او سوات زاہد مروت کے مطابق منگل کو ’امن کمیٹی کے ممبر ادریس خان کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
ایک بیان میں اس دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے تاہم حکام نے ابھی تک اس دعوے کی تصدیق نہیں کی۔ کبل پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او فیاض خان نے بتایا کہ دھماکے میں امن کمیٹی کے سابق سربراہ ادریس خان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں دو شہری بھی جان سے گئے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ایک اعلامیے میں کبل دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جان سے جانے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی
دوسری جانب وزیراعلیٰ محمود خان نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے لواحقین سے تعزیت کی ہے اور کہا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔ ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
واضع رہے کہ گزشتہ مہینے ضلع لوئر دیر میں تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ملک لیاقت نامعلوم افراد نے فائرنگ سے زخمی ہو گئے تھے جبکہ ان کا بھائی، بھتیجا یاسر، ایک پولیس اور ایک لیوی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ’نامعلوم افراد نے ایم پی اے ملک لیاقت کی گاڑی پر تحصیل میدان میں فائرنگ اس وقت کی جب وہ دیگر افراد کے ساتھ اپنے گھر جارہے تھے۔‘