پاکستان:20ماہی گیرجیل سے رہا،واگھابارڈرکے راستے آرہے ہندوستان

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 23-01-2022
پاکستان:20ماہی گیرجیل سے رہا،واگھابارڈرکے راستے آرہے ہندوستان
پاکستان:20ماہی گیرجیل سے رہا،واگھابارڈرکے راستے آرہے ہندوستان

 

 

کراچی: کراچی کی جیل میں قید کی سزا پوری کرنے والے 20 ہندوستانی ماہی گیروں کو رہا کر دیا گیا ہے جنہیں کل لاہور کی واہگہ بارڈر پر ہندوستانی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

محکمۂ داخلہ سندھ کے ذرائع مطابق پاکستانی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے اور بلا اجازت مچھلیوں کا شکار کرنے پر گرفتار کیے گئے 20 ماہی گیر کراچی کی لانڈھی ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں قید تھے۔

قید کی سزا پوری ہونے پر حکومتِ پاکستان نے انہیں رہا کرنے کا فیصلہ کیا۔ محکمۂ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کیے گئے احکامات پر ان 20 ماہی گیروں کو آج (اتوار کی صبح) کراچی کی لانڈھی ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے رہا کر دیا گیا ہے۔

رہائی پانے والوں میں سنیل ولد پیارے لال، راجو والد ونود، بچی لال ولد رام سہواک، ویوک ولد رام باسل، جئے سنگھ ولد دوسا بھائی، دنیش ولد رائے سنگھ، کمبلاپا بھویش ولد بابو بھائی، ہری ولد بھیکا، منو ولد ویرا، کرسان ولد کھیمہ، بھگت ولد باسو، بھویش ولد بھیکھا، نریش ولد سدی، کانا ولد دیوا، گوپال ولد جینا، احمد ولد دادا، بھیما ولد مالا، بھارت ولد ہاجہ اور دھیرو ولد کالا شامل ہیں۔

کراچی کی جیل سے رہا کیے گئے 20ماہی گیر کل لاہور کی واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیے جائیں گے جیل حکام کے مطابق ان ماہی گیروں کو ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے ان ماہی گیروں کو جیل اہلکاروں کی نگرانی میں بس کے ذریعے لاہور پہنچایا جا رہا ہے۔

ماہی گیروں کے تمام سفری اخراجات ایدھی فاؤنڈیشن برداشت کر رہی ہے۔ ماہی گیروں کی بھارتی حکام کو سپردگی کی تقریب لاہور کی واہگہ بارڈر پر کل (پیر کی) دوپہر ہو گی۔