پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے منحرف ارکان برطرف

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-05-2022
پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے منحر ف ارکان برطرف
پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے منحر ف ارکان برطرف

 

 

لاہور:پاکستان میں داخلی سیاست میں ہلچل ہے- دراصل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریکانصاف کے منحرف اراکین کوڈی سیٹ کر دیا۔ منحرف اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے 25 اراکین اسمبلی کو وزیر اعلی حمزہ شہباز کے حق میں ووٹ دینے پر ڈی سیٹ کر دیا۔

الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ کے سربراہ چیف الیکشن کمشنر نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ’بینچ نے متفقہ فیصلہ کیا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’مذکورہ اراکین پنجاب اسمبلی اپنی جماعت کے مخالف امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالنے کے باعث انحراف کا شکار ہوئے ہیں۔‘ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب اسمبلی میں 25 اراکین نے 16 اپریل کو مسلم لیگ نواز کے امیدوار برائے وزیر اعلی کے حق میں ووٹ ڈالے تھے۔ حمزہ شہباز نے 197 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی جس میں 25 ووٹ تحریک انصاف کے مذکورہ منحرف اراکین کے بھی شامل تھے۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے سے حمزہ شہباز کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں: مریم اورنگزیب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے آج کے فیصلے سے پنجاب میں حمزہ شہباز کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ جمعے کو اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کے ساتھ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے پی ٹی آئی کے 25 ارکان کے ڈی سیٹ ہونے کے باوجود پنجاب اسمبلی میں اب بھی مسلم لیگ نواز اور اتحادیوں کی اکثریت ہے۔ 

کے بقول: ’اسمبلی میں مخالفین ارکان کی تعداد 172 اور ہمارے ارکان کی تعداد 177 ہے اور اس فیصلے کا حمزہ کی وزارت اعلیٰ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔‘ انہوں نے کہا کہ اصل میں تو عمران خان کی سیاست آج ڈی سیٹ ہو گئی ہے جن کو اپنے گریبان میں جھانکنے کی ضرورت ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو فارن فنڈنگ کیس میں بھی ایک دن میں فیصلہ دنیا چاہیے تھا۔

انہوں نے سوال کیا کہ یہ کیس کس کے دباؤ پر آٹھ سالوں سے التوا کا شکار ہے؟ انہوں نے سابق وزیر اعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا: ’آپ فارن فنڈنگ اور فرح گوگی کی کرپشن کا جواب دیں۔

آپ ملکی معیشت کی تباہی اور آئین کی خلاف ورزی پر جواب دیں۔‘ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے مزید ساتھی ان 25 منحرف ارکان کی طرح عمران خان کا ساتھ چھوڑ کر چلے جائیں گے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی اس موقع پر کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اپنے دورہ امریکہ میں عمران خان کی طرح مخالفین پر حملے کی بجائے ملک کی بہتری کے لیے بات کی ہے۔