پاکستان:سیاستدانوں کو گدھا کہنا، جانور کی توہین، معاملہ عدالت میں

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 01-07-2022
پاکستان:سیاستدانوں کو گدھا کہنا جانور کی توہین، معاملہ عدالت میں
پاکستان:سیاستدانوں کو گدھا کہنا جانور کی توہین، معاملہ عدالت میں

 

 

کراچی: پاکستان میں سیاستدان  پریشان ہیں ، جو بھی عزت بچی ہوئی ہے وہ داو پر لگ گئی ہے۔کیونکہ لوگ سیاستدانوں کو ’’گدھا‘‘ کہنے پر بھی اعتراض کررہے ہیں۔ اس کو گدھے کی توہین مان رہے ہیں ۔ بات صرف سوشل میڈیا پر نہیں بلکہ عدالت پہنچ چکی ہے۔  کراچی کے ایک شہری نے گدھوں کو سیاست دانوں سے تشبیہ دینے کے خلاف ایک درخواست دائر کی ہے جس پر عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے جواب طلب کر لیا ہے۔

اس معاملہ میں  کراچی کے ضلع جنوبی کی سیشن اور ڈسٹرکٹ عدالت میں 29 جون کو ایک مقامی وکیل بیریسٹر اختر حسین جبار کے خلاف گدھوں کے لیے ’غیر اخلاقی‘ زبان استعمال کرنے پر درخواست دائر کی گئی ہے۔ بات مذاق نہیں بلکہ اب قانونی جنگ کی شکل لے چکی ہے کیونکہ عدالت نے بھی اس کو نظر انداز نہیں کیا ۔ 

 کیا ہے معاملہ 

درخواست ایڈوکیٹ سندھ ہائی کورٹ صابر بھٹی کے بیٹے سرور بھٹی کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ 26 جون کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوا جو سندھ کے شہر لاڑکانہ میں جاری ایک سیاسی مہم کے دوران بنایا گیا تھا۔

 عرضی کے مطابق اس ویڈیو میں محنتی جانور گدھے کا نام غلط طریقے سے استعمال کیا گیا۔اختر حسین نامی شخص کی جانب سے فیس بک پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ سیاسیدان گدھے ہیں۔ جب کہ گدھا تو کافی محنت کرنے والا جانور ہے جو کسی کو نقصان نہیں پہنچاتا۔

اس جانور کے خلاف ایسی زبان استعمال کی گئی جو کہ اس معاشرے کے اخلاقی دائرے سے باہر ہے۔ درخواست کنندہ کی جانب سے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل گلستان جوہر اور ایس ایس پی کمپلینٹ سیل میں اس کیس کے حوالے سے ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست کی گئی تھی لیکن پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے سے منع کر دیا۔ فیس بک پر 26 جون کی شام بیریسٹر اختر حسین کے اکاؤنٹ سے ایک لائیو ویڈیو جاری کی گئی۔

اس ویڈیو میں ناصرف گدھے بلکہ بندروں اور کتوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ جب کہ کیس صرف گدھوں کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے پر کیا گیا۔