پاکستان : اپر کوہستان میں دھماکہ ۔ چینی شہریوں سمیت 13 افراد ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
اپر کوہستان میں دھماکہ
اپر کوہستان میں دھماکہ

 

 

 پشاور:خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان کے علاقے برسین میں بس کے ’حادثے‘ میں حکام کے مطابق 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔مگر ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چینی انجینیئرز کو لے جانے والی ایک بس کو دھماکے میں نشانہ بنایا گیا۔

 اسسسٹنٹ کمشنر داسو محمد عاصم عباسی بتایا کہ ’اس واقعے میں 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں 9 چینی شہریوں کے علاوہ دو ایف سی اہلکار اور دو مقامی باشندے شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 40 ہے۔‘ انھوں نے کہا کہ ’یہ سب افراد ایک بس میں سوار ہو کر داسو ڈیم کی سائٹ پر کام کرنے جا رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’علاقے میں ریسکیو آپریشن جاری ہے اور اس کے لیے ہیلی کاپٹر بھی منگوائے جا رہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر داسو محمد عاصم عباسی کے مطابق ’ہمارے پاس ابھی تک تخریب کاری کے حوالے سے کوئی شواہد نہیں ہیں تاہم اس پر تحقیقات جاری ہیں۔

 اعلیٰ حکام نے بتایا ہے کہ ’اپر کوہستان میں چینی انجینیئرز کو لے جانے والی بس کو دھماکے میں نشانہ بنایا گیا۔‘ داسو ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے دفتر کے ایک اہلکار نے بتایا کہ 'صبح سات بجے کے قریب داسو ڈیم ورکرز کی منی بس میں دھماکے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو گئی ہیں۔

 انہوں نے مزید بتایا کہ'ورکرز کی بس میں سلنڈر دھماکے کی اطلاعات موصول ہوئی۔ حادثے کے مقام پر موبائل سگنلز نہ ہونے کی وجہ سے اطلاعات موصول میں دشواری کا سامنا ہے تاہم چند گھنٹوں میں واقعے کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کر دیا جائے گا۔

 ’شواہد کی جانچ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور یہ امکان بھی ہے کہ حادثہ گاڑی میں کسی تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا ہو۔

 ترجمان واپڈا کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ’گاڑیوں میں چینی تعمیراتی کمپنی کے کارکن موجود تھے اور اس وقت جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ زخمیوں کو جائے حادثہ سے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔‘ ترجمان واپڈا کے مطابق چیئرمین واپڈا امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے داسو روانہ ہو گئے ہیں۔