پاکستان: فوج غیر جانبدار۔عمران خان فائدے میں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
پاکستان: فوج غیر جانبدار۔عمران خان فائدے میں
پاکستان: فوج غیر جانبدار۔عمران خان فائدے میں

 

 

لاہور:پاکستان پر سب کی نظریں ہیں ،قومی اسمبلی میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے جو کیا وہ زیر بحث ہے۔ کیا ہوا اور کیوں ہوا ۔اس کا کیا اثر پڑے گا اور جمہوریت کے لیے کتنا نقصان دہ ہے۔ کیا اپوزیشن اسی کی حقدار ہے۔ سب سے اہم سوال یہ ہے کہ  اب کیا ہوگا

 ایک جانب معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اور دوسری جانب  پاکستانی فوج نے خود کو غیر جانبدار بنا رکھا ہے۔

اس صورت میں پاکستان میں یہ بحث جاری ہے کہ کون زیادہ فائدے میں ہے۔

روزنامہ جنگ کی ایک رپورٹ کے مطابق اسٹیبلشمنٹ کے نیوٹرل ہونے کے باوجود حیرت ناک طور پر عمران خان کو گزشتہ چند دنوں میں مسلسل فائدہ اور اپوزیشن کو نقصان ہو رہا ہے۔ قومی اور صوبائی اسمبلی پنجاب میں اپوزیشن کی اکثریت ہونے کے باوجود وہ کامیابی حاصل نہ کر سکے۔

اپوزیشن زبردستی اور آئین شکنی کو کسی بھی جانب سے روک نہ سکی ،اب بھی ہر کام عمران خاں کی مرضی و منشا کے مطابق انجام دیا جا رہا ہے۔ اپوزیشن کی خواہش تھی کہ عدالت عظمیٰ سے قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے کوئی جلد فیصلہ آ جائے جبکہ حکومت کو فائدہ تھا کہ اس کام میں تاخیر ہو تاکہ عام انتخابات کے انعقاد کا عمل تیزی سے انجام پاتا رہے اور یہ عمل عدالت کے نظریہ ضرورت اور ماضی کے فیصلوں کی نذر ہو جائے اور کہا جا سکے کہ کیونکہ انتخابی عمل کافی آگے بڑھ چکا ہے اس لئے انتخابات کا انعقاد ہی بہتر آپشن ہے۔

ادھر پنجاب اسمبلی میں بھی اپوزیشن نے اکثریت حاصل کر لی لیکن وہاں بھی ان کی کوششیں برباد ہو گئیں، عدالت عظمیٰ میں بھی ان کو ریلیف نہ مل سکا، اپوزیشن اس قدر ناکام و بے بس ثابت ہوئی کہ عمران خاں بطور وزیراعظم متحرک اور باعمل ہیں ان کو وزیراعظم کی بہت سی سہولتیں اور پروٹوکول حاصل ہے جس کا تمام نقصان اپوزیشن کو ہو رہا ہے ،وہ اپنی کم یا زیادہ اتھارٹی سے اپنے معاملات کو بہتر بنانے کیلئے اثرانداز ہو رہے ہیں۔

ایک اور شکست یہ کہ اپوزیشن نے سرتوڑ کوشش کی کہ اسٹیبلشمنٹ سکیورٹی کی جانب سے ان کے حق میں کوئی تائید و حمایت کا جملہ آ جائے تاکہ ان پر سے سازش اور غداری کا ٹیگ ہٹ جائے ا ور وہ عوام اور عدالت میں سرخرو ہو ںلیکن ایسا بھی نہ ہو سکا، عمران خاں تیزی سے انتخابی عمل کو پورا کرنے میں مصروف ہیں جبکہ اپوزیشن اداروں کے فیصلوں کے انتظار میں مسلسل اپنا نقصان کر رہی ہے جبکہ بعض معاملات میں تاخیر اور سیاسی بحران سے ہرروز نہیں بلکہ گھنٹوں کے حساب سے معیشت کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے جس کا خمیازہ آئندہ بننے والی حکومت کو بھگتنا پڑے گا۔