پاکستان : فوج حرکت میں ،عمران خان سے ملاقات

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 30-03-2022
پاکستان : فوج حرکت میں ،عمران خان سے ملاقات
پاکستان : فوج حرکت میں ،عمران خان سے ملاقات

 

 

اسلام آباد: پاکستان میں سیاسی بحران ہر پل ایک نیا موڑ لے رہا ہے یوں تو عمران خان کی حکومت کے گرنے کا امکان ہے۔ لیکن اب بھی پس پردہ کچھ چل رہا ہے جس کو حکومت کو بچانے کی کوشش کہہ سکتے ہیں۔

پاکستان سے خبر  ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے فوجی حکام کی ملاقات ہوئی جس میں سیاسی فریقین کے لیے قابل قبول آپشن دینے پر غور کیا گیا جبکہ حکومت اور اپوزیشن کو صورت حال سے نکلنے کے لیے فیس سیونگ دینے پر بھی مشاورت کی گئی۔

ایک پاکستانی اخبار ایکسپریس نیوز کو وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی فوجی حکام سے ملاقات میں سول اور فوجی حکام نے اگلے عام انتخابات پربیک ڈورمذاکرات شروع کرنے پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کو ایسا آپشنز دینے پر غور کیا گیا جو دونوں سیاسی فریقین (حکومت اور اپوزیشن) کو قبول ہوں گے] ذرائع کے مطابق ملاقات میں عمران خان کے وزیراعظم رہنے کے دورانیے سے متعلق بھی گفتگو کی گئی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے کی گئی انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن کے اعتراضات دور کرنے اور حکومت اور اپوزیشن کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کے لئے عزت بچانے کے معاہدے پر غور کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ فیس سیونگ معاہدے کے مطابق قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں عام انتخابات کا اعلان کیاجائے گا جبکہ عام انتخابات کے انعقاد اور عبوری حکومت کی مدت پر بھی مشاورت کی گئی۔ اس اہم بیٹھک میں یہ بھی طے پایا کہ حزب اختلاف کے رضا مند ہونے تک کوئی چیز حتمی نہیں ہو گی، حکومت اور حزب اختلاف کے اتفاق کے بعد مکمل پیکیج پارلیمنٹ میں لایا جائے گا، اتفاق نہ ہونے پر تحریک عدم اعتماد کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔