پاکستان: ہر حاجی کو ایک لاکھ 50 ہزار روپے سبسڈی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 31-05-2022
پاکستان: ہر حاجی کو ایک لاکھ 50 ہزار روپے سبسڈی
پاکستان: ہر حاجی کو ایک لاکھ 50 ہزار روپے سبسڈی

 

 

اسلام آباد: وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث رواں سال محدود حج کے کوٹے کی اجازت دی گئی ہے۔ پاکستان کا کوٹہ 81 ہزار کے قریب ہے۔ منگل کو اسلام آباد میں نیوز بریفنگ میں مفتی عبدالشکور نے بتایا کہ ’پاکستان کی وفاقی حکومت ہر حاجی کو ایک لاکھ 50 ہزار روپے سبسڈی دے گی۔‘

شمالی پاکستان ریجن کے لیے 8 لاکھ 51 ہزار روپے اور جنوبی پاکستان ریجن کے لیے 8 لاکھ 60 ہزار روپے اخراجات آئیں گے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’گذشتہ دو برس سے حج اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اگر سابق حکومت ہوتی تو اس وقت اخراجات 11 لاکھ روپے ہوتے۔‘

‘’وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد حج پیکج کا اعلان کیا ہے، مہنگا حج پیکج ہمیں ورثے میں ملا ہے۔‘ وفاقی وزیر مذہبی امور کے مطابق ’گذشتہ دو سال میں فی بیڈ رہائش کو 2600 سے 2100 ریال پر لے کر آئے ہیں۔

‘ ’سنہ 2012 کے بعد اس بار حرم کے قریب عازمین کو ٹھہرا رہے ہیں، تین وقت کی خوراک کے لیے 27 ریال فی حاجی وصول کیے جائیں گے۔‘ انہوں نے بتایا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے لازمی اخراجات 52 فیصد ہیں جبکہ فضائی کرایہ 21 فیصد اور دیگر اخراجات 27 فیصد ہیں۔‘ وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کا کہنا تھا کہ ’حج کا کام ہم نے 6 ماہ کے بجائے ایک ماہ میں مکمل کیا ہے۔‘ ’80 فیصد عازمین کی ورکشاپس کا عمل مکمل کیا چکا ہے۔ روڈ ٹو مکہ کے سلسلے میں پہلی فلائٹ 6 جون کو روانہ ہوگی۔‘