پاکستان : کراچی میں دھماکہ، خاتون ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 17-05-2022
پاکستان : کراچی  میں دھماکہ، خاتون ہلاک
پاکستان : کراچی میں دھماکہ، خاتون ہلاک

 

 

کراچی:پاکستان میں ایک اور دھماکہ ہوا ،کراچی میں پھیلی افراتفری ۔ اولڈ سٹی ایریا بمبئی مارکیٹ میں ایک دھماکے کے نتیجے میں کم سے ایک خاتون ہلاک اور 11 افراد زخمی ہوگئے۔ جائے وقوعہ پر دھماکے سے ہلاک ہونے والی خاتون کے بچے کی ویڈیو سامنے آگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ ماں کو اٹھنے کے لیے کہہ رہا ہے، جبکہ خاتون دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہوچکی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق جب دھماکہ ہوا اس وقت شہریوں کی بڑی تعداد اس مقام پر موجود تھی۔

دھماکے کے وقت سامنے ہوٹل پر موجود جہانزیب نامی نوجوان نے اُردو نیوز کو بتایا کہ وہ اسی علاقے کے رہائشی ہیں۔ ان کے مطابق ابتدائی طور پر بھگدڑ مچی ہوئی تھی۔ دھواں چھا گیا تھا۔ بلڈنگ میں رہنے والے بھی ڈر کر گھروں سے نیچے اتر کر بھاگ رہے تھے۔

عینی شاہد کے مطابق ’رکشے میں سوار خاتون بری طرح زخمی تھی اور اس کے ساتھ بچہ آوازیں لگا رہا تھا اور کہہ تھا کہ اٹھیں اٹھیں، لیکن خاتون کی جانب سے کوئی جواب نہ ملنے پر بچے بری طرح رونے لگا۔ چند لمحات میں ریسکیو عملہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار پہنچے اور جائے وقوعہ کو اپنے گھیرے میں لے لیا۔‘ عینی شاہد نجیب کے مطابق یہ کپڑا مارکیٹ ہے اور یہاں خواتین کے برقعے سمیت دیگر کپڑے فروخت کیے جاتے ہیں۔

عموماً 11 بجے تک یہاں چہل پہل رہتی ہے۔ جب دھماکہ ہوا اس وقت بھی یہاں لوگ بڑی تعداد میں موجود تھے۔ سی ٹی ڈی انچارج راجہ عمر خطاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کھارا در دھماکے میں بال بیرنگ کا استعمال کیے گئے اور یہ صدر دھماکے سے مماثلت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’میرا اندازہ ہے کہ موٹر سائیکل کے پچھلے حصے میں آئی ای ڈی لگی تھی۔ یہ بھی لگتا ہے موبائل ڈیوائس استعمال ہوئی۔ رپورٹ سے حتمی پتا چلے گا۔‘ زخمیوں میں کھارادر پولیس کا ایک اے ایس آئی بھی شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ پولیس افسران سے رپورٹ طلب کرلی ہے.