عراق میں ایک سو کلسٹر بم چوری، بصرہ میں ہنگامی حالت کا اعلان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
عراق میں ایک سو کلسٹر بم چوری، بصرہ میں ہنگامی حالت کا اعلان
عراق میں ایک سو کلسٹر بم چوری، بصرہ میں ہنگامی حالت کا اعلان

 

 

بغداد : عراقی سیکیورٹی فورس نے کہا ہے کہ ایک سو کلسٹر بم پر مشمتل کنٹینر چوری ہوگیا ہے۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ واقعہ بصرہ شہر میں پیش آیا جہاں متعلقہ ادارے نے کلسٹر بم کو ناکارہ بنانے کے لیے کنٹینر میں جمع کئے تھے۔

 سیکیورٹی ادارے نے کہا ہے کہ ’ملک میں ناکارہ لوہے کی خرید وفروخت کرنے والے آزاد تاجر سرگرم ہیں جو سکریپ کے طور پر اس کا کاروبار کر رہے ہیں‘۔ ’سیکیورٹی ادارے وقفے وقفے جنگ کے دوران بچ جانے والے حربی سامان کو کنٹینر میں جمع کر کے ناکارہ بناتے ہیں اور پھر اسے سکریپ کے طور پر فروخت کرتے ہیں‘۔

گزشتہ دنوں ناکارہ حربی سامان کم وبیش 10 کنٹینر میں جمع کیا گیا تھا جن میں سے ایک کنٹیٹر میں ایک سو سے زیادہ کلسٹر بم رکھے گئے تھے‘۔ ’متعلقہ ادارے کلسٹر بم کو صحرا میں لے جا کر ناکارہ کرنے والا تھا مگر سکریپ خریدنے والے ناکارہ سکریپ کے ساتھ وہ کنٹیٹر بھی لے گئے جس میں بم رکھے ہوئے تھے‘۔

سیکیورٹی ادارے نے کہا ہے کہ ’پولیس اور متعلقہ اداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ پورے بصرہ میں ہنگامی حالت کا اعلان کردیا گیا ہے‘۔ واضح رہے کہ کلسٹر بم فضا یا زمین سے پھینکے جانے والے گولوں کی ایک ایسی قسم ہے جس کے اندر چھوٹے چھوٹے مزید گولے موجود ہوتے ہیں۔ یہ گولہ جب پھینکا جاتا ہے تو اس سے نکلنے والے مزید چھوٹے گولے وسیع علاقے میں جانی نقصان یا گاڑیوں کو تباہ کرنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ ایک کلسٹر بم کے اندر 2000 تک چھوٹے بم موجود ہوتے ہیں۔