او آئی سی کی اسرائیل کو تنبیہ ، حملہ روکنے کی قرارداد منظور

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 16-05-2021
 او آئی سی  اجلاس میں شریک سعودی وزیر خارجہ
او آئی سی اجلاس میں شریک سعودی وزیر خارجہ

 

 

 نئی دہلی

فلسطین پر اسرائیل کے بزدلانہ اور بہیمانہ حملوں کے تناظر میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا۔ اجلاس میں فلسطین کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کے خلاف قرارداد منظور کی گئی۔ اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر بلایا گیا تھا۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی حیثیت مسلمانوں کے نزدیک ریڈ لائن کے مترادف ہے ۔ قرارداد میں اسرائیل کی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ قابض اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ حملے بند کرے۔ قرارداد میں اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ حالات کو مزید بگاڑنے سے باز رہے اور تمام تر خلاف ورزیاں اور فلسطینی مقدس مقامات اور مسجد اقصیٰ کی بےحرمتی فوری بند کرے۔

قرار داد میں کہا گیا کہ القدس کی ہاشمی خاندان کے ذریعے نگرانی کی حمایت کرتے ہیں، اسرائیل کے توسیعی منصوبے کو مسترد کرتے ہیں اور اسرائیل کی نوآبادیاتی پالیسی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہیں۔ مزید یہ کہ حالات کی خرابی کا ذمہ دار مکمل طور پر اسرائیل کو ٹھہراتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی برادی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے جبکہ سلامتی کونسل فوری طور پر اسرائیلی حملے بند کرائے۔ خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے مسجد اقصیٰ اور غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے بمباری کی جارہی ہے۔ اسرائیلی حملوں میں اب تک تقریباً 200 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔