پرویز مشرف سے ذاتی دشمنی نہیں، آنا چاہیں تو حکومت سہولت فراہم کرے: نواز شریف

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
پرویز مشرف سے ذاتی دشمنی نہیں، آنا چاہیں تو حکومت سہولت فراہم کرے: نواز شریف
پرویز مشرف سے ذاتی دشمنی نہیں، آنا چاہیں تو حکومت سہولت فراہم کرے: نواز شریف

 

 

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف وطن واپس آنا چاہیں تو حکومت سہولت فراہم کرے۔ منگل کو ایک ٹویٹ کے ذریعے دیے گئے پیغام میں حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ ’میری پرویز مشرف سے کوئی ذاتی دشمنی یا عناد نہیں۔ نہیں چاہتا کہ اپنے پیاروں کے بارے میں جو صدمے مجھے سہنا پڑے، وہ کسی اور کو بھی سہنا پڑیں۔‘ اپنے پیغام میں نواز شریف نے مزید کہا کہ ’ان کی صحت کے لیے اللّہ تعالی سے دعاگو ہوں۔‘

قبل ازیں پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجرجنرل بابرافتخار نے منگل کو نجی ٹیلی ویژن دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’‏پرویز مشرف کی واپسی کا فیصلہ ان کے خاندان اور ڈاکٹرز نے کرنا ہے۔‘ جمعے کو پرویز مشرف کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے اُن کے اہلخانہ کی جانب سے ایک پیغام جاری کیا گیا کہ سابق صدر گزشتہ تین ہفتوں کے دوران طبی پیچیدگیوں کے باعث ہسپتال میں زیرِعلاج رہے۔ بیان کے مطابق ’پرویز مشرف مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں اور ان کے اعضا درست کام نہیں کر رہے۔‘

بیان کے آخر میں سابق صدر کی آسانی کے لیے دُعا کے لیے کہا گیا تھا۔ خیال رہے کہ پرویز مشرف کافی عرصے سے علیل ہیں اور دبئی میں قیام پذیر ہونے کے دوران وہاں کے مقامی ہسپتال میں زیرِعلاج رہے ہیں۔