نیشنل بینک آف پاکستان کی نیو یارک برانچ پر جرمانہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 26-02-2022
نیشنل بینک آف پاکستان کی نیو یارک برانچ پر جرمانہ
نیشنل بینک آف پاکستان کی نیو یارک برانچ پر جرمانہ

 

 

نیو یارک: نیشنل بینک آف پاکستان کی نیو یارک برانچ پر جرمانے کے معاملے پر نیشنل بینک کے صدر نے جنرل مینیجر پاکستان سٹاک ایکسچینج کو خط لکھاہے۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ نیشنل بینک کی نیو یارک برانچ کے ریگولیٹرز نے مجموعی طور پر 5 کروڑ 54 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

نیشنل بینک کا امریکی فیڈرل ریزرو بورڈ، نیو یارک فیڈ اور نیو یارک کے ڈیپارٹمنٹ آف فنانشل سروسز کے ساتھ معاہدہ طے ہواہے۔

معاہدے کے تحت جرمانے کی ادائیگی بھی شامل ہے۔ جرمانہ ماضی کی کمپلائس پروگرام میں کوتاہیوں اور کمپلائنس بڑھانے میں تاخیرکے سبب عائدکیا گیا ہے۔

تحقیقات کے دوران غیر قانونی یا جان بوجھ کر کی گئی کوتاہی کی نشاندہی نہیں ہوئی ہے۔ بینک مئی 2020 سے نیو یارک برانچ میں نئی مینجمنٹ کے ساتھ کام کررہا ہے۔ اس دوران کمپلائنس پروگرام بہتر بنایا گیاہے۔

ان مثبت تبدیلیوں کو امریکی ریگولیٹر نے بھی دیکھا ہے۔ واضح رہے کہ نیشنل بینک آف پاکستان پر یہ جرمانے امریکہ کے مرکزی بینک یو ایس فیڈرل ریزرو اور ریاست نیو یارک کے سپرنٹنڈنٹ آف فنانشل سروسز ایڈرین اے ہیرس نے جمعرات کو عائد کیے تھے

۔ 4 مارچ 2021 کو نیو یارک سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ آف فنانشل سروسز سمیت دیگر ادارے کے معائنے میں نیشنل بینک کی برانچ میں قواعد و ضوابط پورے نہ ہونے پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ (ایجنسی)