میا نمار:فوجی کارروائی میں 25 افراد ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-07-2021
 میا نمارمیں گاوں والے بن رہے ہیں نشانہ
میا نمارمیں گاوں والے بن رہے ہیں نشانہ

 

 

 بینگوئی: میانمارمیں فوجی عتاب جاری ہے،جمہوری حکومت کے خاتمہ کے بعد سے فوج طاقت کا استعمال کررہی ہے۔ جمہوریت پسندوں کو موت کے گھاٹ اتار رہی ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ میں فوجی بغاوت کو تسلیم نہ کرنے پر ایک گاؤں فائرنگ سے 25 افراد ہلاک ہوگئے۔

 یاد رہے کہ فروری میں میانمار کی منتخب حکومت کو ہٹاکر اقتدار پر قابض ہونے والی فوجی قیادت کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ ملٹری قیادت کی جانب سے مظاہروں کو طاقت سے کچلنے کے واضح احکامات کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے احتجاج میں شریک شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن آپریشن شروع کردیا۔

کریک ڈاؤن آپریشن کے سلسلے میں میانمار فوجی نے وسطی ساکنگ کے ایک گاؤں کا محاصرہ کرلیا اور گھر گھر تلاشی لی جس کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ فوج کی براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ فوج اور پولیس کے دستے اچانک گاؤں میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کردی، ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ یہ سب شہری تھے اور فوجی بغاوت کے خلاف ایک احتجاج میں شریک تھے۔

 حیرت کی بات ہے کہ مرنے والوں کو فوج نے دہشت گرد قرار دیدیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گاؤں میں مسلح گروپ دہشت گردی کی کارروائی کی تیاری کر رہا تھا اور اس اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا جس پر مسلح افراد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ میں مسلح گروپ کے 25 افراد مارے گئے۔