تعلقات کی بہتری کے لئے یواے ای کے صدر کے نام، مودی کا خط

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
تعلقات کی بہتری کے لئے یواے ای کے صدر کے نام، مودی کا خط
تعلقات کی بہتری کے لئے یواے ای کے صدر کے نام، مودی کا خط

 

 

دبئی: وزیر اعظم نریندر مودی نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کو ایک خط لکھا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور ان کے مشترکہ مفادات کی تکمیل کے لیے ان کی ترقی کے امکانات کو پیش کیا جا سکے۔

وزیر اعظم مودی کا خط وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے متحدہ عرب امارات کے صدر محمد کو تب پہنچایا، جب انہوں نے خلیجی ملک کے اپنے حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے دورے کے دوران جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ جے شنکر اس ہفتے یواے ای-انڈیا جوائنٹ کمیٹی کے 14ویں اجلاس اوریواے ای-انڈیا اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے تیسرے اجلاس میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات میں تھے۔

متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ڈبلیو اے ایم نے رپورٹ کیا کہ خط کا تعلق دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے اور ان کے مشترکہ مفادات کے لیے ترقی کے امکانات سے ہے۔

میٹنگ کے دوران، دونوں فریقوں نے اپنے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں اور اپنی جامع اسٹریٹجک شراکت داری اوریواے ای-انڈیا جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے کے فریم ورک کے اندر ان کو آگے بڑھانے کے لیے تعاون کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔

مالی سال 2021-22 میں دونوں ملکوں کی دو طرفہ تجارت تقریباً 72 بلین امریکی ڈالر تھی۔ واضح ہوکہ متحدہ عرب امارات ہندوستان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دارہے نیزدوسرا سب سے بڑا ملک ہے جو ہندوستان سے چیزوں کو امپورٹ کرتا ہے۔ ہندوستان میں یو اے ای ایف ڈی آئی میں پچھلے کچھ سالوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے اور فی الحال 12 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ ہے۔

ہندوستانی تارکین وطن کمیونٹی متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی نسلی برادری ہے جو ملک کی آبادی کا تقریباً 35 فیصد ہے۔