مودی اور امیرِ کویت کا مغربی ایشیا کی صورتحال پر تبادلۂ خیال

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 09-06-2026
مودی اور امیرِ کویت کا مغربی ایشیا کی صورتحال پر تبادلۂ خیال
مودی اور امیرِ کویت کا مغربی ایشیا کی صورتحال پر تبادلۂ خیال

 



نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں مغربی ایشیا کی بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے سفارت کاری، مذاکرات اور تحمل کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مغربی ایشیا میں تیزی سے بدلتی صورتحال پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا اور مزید کشیدگی روکنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ گفتگو کے دوران وزیر اعظم مودی نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر ہندوستان کی گہری تشویش کا اظہار کیا اور تنازعات کے پرامن حل اور بات چیت کے ذریعے مسائل سلجھانے کے ہندوستان کے مستقل مؤقف کا اعادہ کیا۔

پی ایم او کے بیان کے مطابق، ’’وزیر اعظم نے امن اور استحکام کی جلد بحالی کے لیے کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔‘‘ مودی نے کویت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو نشانہ بنانے والے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے خلیجی ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے ہندوستان کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے کویت میں مقیم بڑی ہندوستانی برادری کی فلاح و بہبود اور حفاظت کو یقینی بنانے پر امیرِ کویت اور کویتی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم نے جاری علاقائی غیر یقینی صورتحال کے دوران ہندوستانی شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے شیخ مشعل کی ذاتی دلچسپی کو بھی سراہا۔ یہ گفتگو ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پورے مغربی ایشیا میں حالات نازک ہو چکے ہیں۔

حالیہ مہینوں میں کویت بھی اس کشیدہ صورتحال سے متاثر ہوا ہے۔ 3 جون کو ایران کے ایک حملے میں کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک ہندوستانی شہری ہلاک ہو گیا تھا، جبکہ اس سے قبل 30 مارچ کو کویت میں بجلی اور سمندری پانی کو میٹھا بنانے والے ایک پلانٹ پر حملے میں ایک اور ہندوستانی شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔