مدینہ منورہ دنیا کے صحت مند ترین شہروں میں سے ایک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-01-2021
مینہ منورہ کا ایک منظر
مینہ منورہ کا ایک منظر

 

عالم اسلام کا دوسرا سب سے مقدس شہرمدینہ منور اپنی روحانیت اور پاکیزگی کےلئے زائرین کےلئے ناقابل فراموش تجربہ ثابت ہوتا ہے۔ اب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے سعودی عرب کے شہر مدینہ کو دنیا کے سب سے زیادہ صحت مند شہروں میں شامل کیا ہے۔اس کے اعلان سے قبل عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے مدینہ کا دورہ کیا تھا۔ عرب نیوز کے مطابق ڈبلیو ایچ او کا کہنا تھا کہ یہ شہر صحت مند ترین معیار کے لئے درکار تمام عالمی معیارات پر پورا اترتا ہے۔

مدینہ 20 لاکھ آبادی والا دنیا کا پہلا شہر ہے جسے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے صحت مند شہر تسلیم کیا گیا ہے۔مجموعی طور پر 22 سرکاری، کمیونٹی، چیریٹی اور رضاکار ایجنسیوں نے عالمی ادارہ صحت کی توثیق کےلئےتیاری میں مدد کی۔ اس حوالے سے شہر کے مربوط پروگرام میں الیکٹرانک پلیٹ فارم پرحکومتی ضروریات کو ریکارڈ کرنے کےلئےطیبہ یونیورسٹی کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری بھی شامل رہی۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ایک صحت مند شہر وہ ہوتا ہے جو مادی اور معاشرتی ماحول کو مستقل طور پر تخلیق کرنا اور بہتر بناتا ہے اور ان وسائل کو وسعت دے کر شہریوں کو زندگی کے تمام امور سرانجام دینے اور زیادہ سے زیادہ صلاحیتوں کو فروغ دینے میں تعاون کرتا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے مدینہ کو ’صحت مند شہر‘ کا سرٹیفکیٹ وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان کو پیش کیا۔