ملائیشیا سے تیر کر مکہ جانے کی کوشش کرنے والا نوجوان گرفتار

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 05-08-2021
ملائیشیا سے تیر کر مکہ جانے کی کوشش کرنے والا نوجوان گرفتار
ملائیشیا سے تیر کر مکہ جانے کی کوشش کرنے والا نوجوان گرفتار

 

 

ملائیشیا

 جہازوں اور کشتیوں میں سفر کے زمانے سے قبل تو سنا تھا کہ لوگ پیدل حج و عمرہ کرنے جاتے ہیں لیکن ملائیشین حکام نے ایک ایسے نوجوان کو حراست میں لیا ہے جو تیر کر مکہ جانے کی کوشش کر رہا تھا۔

العربیہ کے مطابق 28 سالہ نوجوان نے تانجونگ نے سمندر میں چھلانگ لگا دی تھی اوراسے کچھ دیر بعد پولیس نے تیرنے کے دوران حراست میں لے لیا تھا۔

ملائیشین اخبار ’نیو سٹریٹس ٹائمز‘ نے کہا ہے کہ ’اس سے قبل بھی اس شخص نے لاک ڈاؤن کے دوران سمندر کو پار کر کے دوسرے جزیرے پر رہنے والے اپنے دوست سے ملنے کی کوشش کی تھی‘۔

مقامی پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم دونوں واقعات میں ملوث ہے۔ اس بار ملزم کا کہنا ہے کہ وہ مکہ جانے کی کوشش کر رہا تھا۔

متاثرہ شخص کو پنانگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہےاور اس کا ذہنی توازن چیک کیا جا رہا ہے۔

تیراکی کے دوران اس شخص کے جسم سے منشیات کا سراغ نہیں ملا اور پولیس یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ آخر اس شخص نے تیر کر مکہ جانے کا فیصلہ کیوں کیا۔

واضح رہے کہ ملائیشیا اور سعودی عرب کے ساحلوں کے درمیان فاصلہ 4455 ناٹیکل میل یعنی 8250 کلومیٹر  ہے۔